ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیاں،پرویز الہٰی کی ضمانت خارج

26 مئی ، 2023

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت خارج کر دی، سابق وزیر اعلیٰ کی ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی گئی، اینٹی کرپشن کورٹ نے حاضری سے معافی کی درخواست بھی خارج کردی۔تفصیلات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے مقدمے میں چوہدری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ کو سینے میں تکلیف ہے، عدالت پیش نہیں ہو سکتے، پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کا میڈیکل جعلی ہے۔دوران سماعت فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹس دکھائیں میں ابھی فیصلہ کرتا ہوں۔اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے میڈیکل رپورٹس فوری عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی جبکہ بعدازاں فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ واضح رہے کہ پنجاب کے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے رشوت لینے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی، ان کے بیٹے مونس الٰہی اور وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری خان بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔