جی 20 اجلاس کے مندوبین سری نگر سے واپس نئی دہلی پہنچ گئے

26 مئی ، 2023

سری نگر(کے پی آئی) سرینگر میں بھارت کی میزبانی میں جی20اجلاس کے مندوبین سری نگر سے واپس نئی دہلی پہنچ گئے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق سری نگر میں جی 20اجلاس پانچ ممبران کے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے بعد ایک متنازعہ نوٹ کے ساتھ سری نگر میں شروع ہوا، چین، سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ ساتھ مصر اور عمان نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ چین نے مقبوضہ کشمیر میں اجلاس کے خلاف احتجاج بھی درج کروایا جبکہ روا ں سال بھارتی یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی ملک عمان نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر(ایس کے آئی سی سی) کی سڑک پر ایک کثیر سطحی حفاظتی محاصرہ بنایا گیا تھا، جس سے سری نگر میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ عام مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وفود کے استعمال والے راستے سے منسلک تمام سڑکوں کو بندکردیا گیا تھا۔ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے سری نگر کے کچھ سکول بھی بند کردیئے گئے تھے ۔روزگار کے مواقع پیدا کرنے والی کانفرنس کے موقع پر سینکڑوں غریب دکاندار جو ہوائی اڈے سے ایس کے آئی سی سی تک 16 کلومیٹر کی سڑک کے ساتھ عارضی دکانیں لگا کر روزی کماتے ہیں اور ٹھیلوں پر کھانا اور دیگر اشیا فروخت کرتے ہیں،سوموار کو نظر نہیں آئے۔