ریڈیو پاکستان،الیکشن کمیشن دفاتر حملوں میں ملوث80 ملزمان ضمانت پر رہا

26 مئی ، 2023

پشاور (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں نے ریڈیو پاکستان اور الیکشن کمیشن دفتر پر حملوں میں ملوث80ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار دو افغان مہاجرین کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ۔ استغاثہ کے مطابق9اور10مئی کو مشتعل مظاہرین نے تھانہ شرقی کی حدود میں ریڈیو پاکستان اور الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کیا، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو کیا جس کے بعد پولیس نے 82ملزمان کو ایف آئی آرز میں نامزد کیا ۔ درخواست گزاوکلاء نے عدالت کو بتایا ملزمان کے خلاف شواہد ہیں نہ سی سی ٹی فوٹیجز نہ سی ڈی آر ریکارڈ ،ان سے ریکوری بھی نہیں ہوئی جبکہ کسی نے جرم کا اعتراف بھی نہیں کیا ۔ تمام ملزمان کے خلاف ناکافی شواہد ہیں لہذا ان کو رہا کیا جائے ، ایف آئی آرز میں بعض دفعات قابل ضمانت ہیں جبکہ بعض کو ٹرائل کے دوران ثابت کیا جاتا ہے ، خصوصی عدالتوں نے دلائل مکمل ہونے کے بعد 80 ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا جبکہ توڑ پھوڑ میں ملوث دوافغان مہاجرین امید اور عباس کی ضمانت درخواستیں اس بنیاد پر خارج کردیں کیونکہ دونوں کے پاس سفری دستاویزات نہیں اور وہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے ۔