سیلاب سے نمٹنے کیلئے 194.6ارب کامنصوبہ شروع کرنیکی منظوری

26 مئی ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی حکومت نے ملک میں سیلاب سے نمٹنے کے لئے نظام کو بہتر کرنے کے لئے 194.6 ارب روپے کامنصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس نے اس حوالے سے194.6ارب روپے کی لاگت کا فلڈ پروٹیکشن سیکٹر کا منصوبہ منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل ایکنک کو بھیجنے سفارش کی ہے۔ یہ منصوبہ وزارت آبی وسائل زیرکفالت ہو گا۔ صوبائی حکومتوں کے محکمہ آبپاشی اس منصوبے پر عمل درآمد کریں گے۔ اس منصوبے کے نفاذ کا بنیادی مقصد نیشنل فلڈ پروٹیکشن کے تحت تجویز کردہ ساختی اور غیر ساختی مداخلتوں کے نفاذ کے ذریعے مربوط اور اختراعی بنیادوں پر ملک بھر میں سیلاب کے انتظام کے جامع طریقوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس منصوبے کے بڑے مقاصد میں نجی اور سرکاری انفراسٹرکچر کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو معاشی طور طریقے سے کم کرنا اور سیلاب کی وارننگ کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنا شامل ہے۔ یہ منصوبہ گزشتہ سال 2022 میں جو ملک میں سیلاب آیا تھا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔