سپیکر قومی اسمبلی کی یادگار شہدا پر حاضری، فاتحہ خوانی کی

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم تکریم شہدا کے سلسلے میں شہدا کی یادگار پر حاضری دی ۔ انہوں نے گوجر خان میں کیپٹن راجہ سرور شہید(نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے سوار محمد حسین شہید(نشان حیدر) کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے افسوسناک واقعات کو تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا،واقعات میں ملوث کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری آزاد ماحول میں زندگی بسر کرنے کے پیچھے لاکھوں شہدا کی قربانیاں شامل ہیں، قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔