برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم خان کی مدت ملازمت میں مزید توسیع

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) حکومت نے برطانیہ میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان کی مدت ملازمت میں دوبارہ توسیع کا اعلان کیا ہے۔ انہیں گزشتہ سال بھی ریٹائرمنٹ سے قبل 6؍ ماہ کیلئے برطانیہ میں قیام کے ساتھ ملازمت میں توسیع کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ سال دی جانے والی توسیع کا عرصہ 23؍ مئی کو ختم ہوگیا۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ معظم خان اپنے متبادل کے برطانیہ پہنچنے سے ایک دن قبل تک برطانیہ میں رہ سکتے ہیں۔ جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل چوہدری کو برطانیہ میں نیا ہائی کمشنر لگا دیا گیا ہے اور ان کی برطانیہ میں تقرری کے حوالے سے برطانوی حکومت سے منظوری طلب کی گئی ہے جو ایک ہفتے میں ملنے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ وہ جولائی تک لندن پہنچ جائیں گے۔ کینیا میں مقرر پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین کو جرمنی میں مقرر کیا گیا ہے اور توقع ہے وہ آئندہ ماہ جرمنی پہنچ جائیں گی۔ کینیا میں ابرار احمد کو مقرر کیا گیا ہے۔