سارک چیمبر کے صدر افتخار ملک سبکدوش،صدارت بنگلہ دیش کوسونپ دی

26 مئی ، 2023

کراچی(این این آئی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک جون2020سے مئی2023 تک طویل ذمہ داریاں نبھانے کے بعد جنوبی ایشیاء اور دنیا کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت بنگلہ دیش کے جاشم الدین کے سپرد کردی جو بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر اوربنگال کمرشل بینک کے چیئرمین ہیں۔ سبکدوش صدر افتخار علی ملک وڈیولنک کے ذریعہ باضابطہ طور پر گزشتہ روز بنگلہ دیش میں ہونے والی تقریب میں سارک چیمبر کی15ویں صدارت جاشم الدین کے حوالے کی۔افتخار علی ملک سارک چیمبر کے وہ واحد صدر رہے جنہوں نے تین سال تک ذمہ داریاں نبھائیں جبکہ پاکستان سے جمیل محبوب مگوں مرحوم بھی کئی بار نائب صدر کی حیثیت سے فرائض نبھا چکے ہیں۔ سبکدوش صدر افتخار علی ملک اپنے دور صدارت میں سارک چیمبرکا ہیڈکوارٹر نہ صرف ایک بار پھرپاکستان لائے بلکہ انہوں نے اسلام آباد میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہیڈ آفس کی جدید ترین 9منزلہ نئی عمارت اپنی زیرنگرانی تعمیر کرائی جس پر ایک اندازے کے مطابق 91کروڑ40لاکھ کے قریب لاگت آئی ہے اور افتخار علی ملک بھی اپنی جیب سے کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں۔دریں اثناء بزنس کمیونٹی کی اکثریت نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کی کامیاب صدارت پر مبارکباد پیش کی ہے اور خراج تحسین پیش کرنے والوں میںگورنر کے پی کے حاجی غلام علی،صوبائی وزیر صنعت وتجارت پنجاب ایس ایم تنویر،یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،بزنس مین پینل کے چیئرمین انجم نثار،خالدتواب،حنیف گوہر،طارق حلیم،کیپٹن عبدالرشید ابڑو، ظفر بختاوری، مظہرعلی ناصر، ملک خدا بخش، ترجمان یو بی جی گلزارفیروز، ملک سہیل حسین، علی حسام اصغر،محمدیاسین،آغا نعمت اللہ مظہر، میاں زاہد حسین، شبنم ظفر،عالیہ خان اور دیگر شامل ہیں۔