9 مئی واقعات ،JITکی تشکیل کی درخواست پر حکومتی وکیل سےجواب طلب

26 مئی ، 2023

لاہور( نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد بلال حسن نےپانامہ کی طرز پر9مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کی درخواست پر حکومتی وکیل سےآئندہ سماعت پر تحریری جواب طلب کرلیا، عدالت نے کہا یہ اہم معاملہ ہے اس کو طول نہیں دیں گے ،عدالت نے کہا کہ اسی نوعیت کی ایک اور درخواست ہے ،دونوں اکٹھی سنیں گے۔ احسان اویس اور افضال پاہٹ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، عمران خان کی گرفتاری پر کارکنوں اور رہنماؤں نے پرامن احتجاج کیا ،پرامن احتجاج میں خفیہ ہاتھوں نے تشدد پسند عناصر کو شامل کیا ،تشدد پسند عناصر نے جناح ہائوس سمیت املاک کا نقصان کرکے پی ٹی آئی کا پرامن تشخص خراب کیا ،ان واقعات کی آڑ میں پنجاب پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کررہی ہے ،گھروں گھس مرد پولیس اہلکار خواتین پر تشدد اور توڑ پھوڑ کررہے ہیں ،پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کرکے کارکنوں کو خوفزدہ کررہی ہے ،پولیس کے سیدھے فائر سے 25 کارکن جاں بحق اور 700سے زائد زخمی ہوئے۔