نظامِ انصاف بھی ظالم کے سامنے بے بس نظر آرہا ہے،فرخ حبیب

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے عدلیہ کو مشورہ دیا ہے کہ کسی ایک قانون توڑنے والے افسر کو سزا دے کر مثال بنا دیں تو پھر کسی کو پریس کانفرنس کر کے پارٹی نہیں چھوڑنی پڑے گی۔ گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ نظام انصاف بھی ظالم کے سامنے بے بس نظر آرہا ہے ، اگر عدالتی فیصلوں کی توہین کرنے والے کسی ایک افسر کو سزا ہوجاتی سب سیدھے ہوجاتے ، لیکن افسران کو معلوم ہے صرف ڈانٹ پڑے گی ، سخت بات سن لیں گے اور قانون کی خلاف ورزی جاری رکھیں گے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اب بھی موقع ہے عدالت کسی ایک قانون توڑنے والے افسر کو سزا دے کر مثال بنا دے تو پھر کسی کو پریس کانفرنس کرکے پارٹی نہیں چھوڑنی پڑے گی۔ دریں اثنا ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ، ملک عامر ڈوگر MNA ملتان کے تمام کاروباری مراکز کو سیل کردیا گیا ، ملک عامر ڈوگر کے پٹرول پمپ ، میرج ہالز ودیگر وتمام کاروباری مراکز کو سیل کیا جا رہا ہے ، عامر ڈوگر کی فیملی کے لوگوں کو ہراساں کیاجارہا ہے ، یہ ظلم کا نظام قائم کر دیا گیا ہے ، مطالبہ پریس کانفرنس کرو عمران خان کو چھوڑو سارا کاروبار دوبارہ چل جائے گا۔فرخ حبیب نے سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے کے اقدام کی بھی مذمت کی اور کہا کہ عمر چیمہ سابقہ گورنر ہے لیکن ان کو ہتھکڑیاں لگا کر اس لئے پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کو تیار نہیں ہے ، ان کو بے بنیاد مقدمات میں پھنسا کر انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہے۔