عدالتی تاریخ کا نیا واقعہ ،چیف جسٹس نے آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف لارجر بنچ تشکیل دیدیا

26 مئی ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالتی تاریخ کا نیا واقعہ، چیف جسٹس نے آڈیولیکس کمیشن کیخلاف لارجربینچ تشکیل دیدیا، چیف جسٹس عمرعطاءبندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ عمران خان ودیگرکی درخواستوں کی آج سماعت کریگا ،سپریم کورٹ میں آج بروز جمعہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم آڈیولیکس کمیشن کی تشکیل کیخلاف دائر کی گئی عمران خان وغیرہ کی آئینی درخواستوں کی سماعت ہوگی ، چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر،جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل پانچ رکنی لارجربنچ کیس کی سماعت کریگا،یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے بعض ججوں سے متعلق قومی میڈیا اور سوشل میڈیا پر لیک ہونیوالی آڈیو گفتگوکی حقیقت جاننے کیلئے20 مئی کو جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل تین رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا تاہم کمیشن کے تشکیل کیخلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد ایس زبیری ، سیکرٹری مقتدیر اختر شبیر اور عمران خان نے آئینی درخواستیں دائر کی ہیں جس پرچیف جسٹس عمرعطاء بندیال نے لارجربنچ تشکیل دیدیاہے۔