صدر سپریم کورٹ بار نے مبینہ آڈیو لیک کمیشن کا طلبی کا نوٹس چیلنج کردیا

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے مبینہ آڈیو لیک کمیشن کا طلبی کا نوٹس چیلنج کردیا۔ جمعرات کو عابد زبیری نے طلبی کو نوٹس کی خلاف آئینی درخواست دائر کردی،آئینی درخواست میں وفاق، آڈیو لیک کمیشن، پیمرا اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ مبینہ آڈیو لیک کمیشن تشکیل کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ آڈیو لیک کمیشن کا نوٹی فکیشن آرٹیکل 9، 14،18، 19، 25 کی خلاف ورزی ہے۔ استدعا کی گئی کہ مبینہ آڈیو لیک کمیشن کی کاروائی اور احکامات کا غیر آئینی غیر قانونی قرار دیا جائے،قرار دیا جائے کسی بھی شہری کی جاسوسی یا فون ٹیپنگ نہیں کی جا سکتی۔ استدعا کی گئی کہ مبینہ آڈیوز کو غیر قانون قرار دیا جائے، حکم دیا جائے کہ مبینہ غیر آئینی آڈیوز کی بنیاد پر کسی شہری کیخلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ استدعا کی گئی کہ غیر قانونی آڈیوز کو میڈیا پر نشر کرنے اور آگے پھیلانے سے روکنے کا حکم دیا جائے،جوڈیشل کمیشن نوٹی فکیشن اور کارروائی کا کالعدم قرار دیا جائے۔ استدعا کی گئی کہ متعلق فریقین کو گمنام سوشل میڈیا اکاونٹس چلانے والوں کی شناخت کا حکم دیا جائے۔