جرمنی کی معیشت تباہ، ملک کساد بازاری کا شکار ہوگیا

26 مئی ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) معاشی زوال کے بعد اب جرمنی باضابطہ طور پر کساد بازاری کا شکار ہوگیا ہے اور ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپ کی سب سے بڑی معیشت سمجھے جانے والے ملک جرمنیکی حالت آئندہ ہفتوں میں مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے، دوسری جانب آئی ایم ایف نے برطانیہ میں شرح نمو میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران جرمنی کی معیشت زوال کا شکار ہوگئی اور اب یہ کساد بازاری کا سامنا کر رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے مارچ کے دوران جرمنی کی جی ڈی پی میں 0.3؍ فیصد کمی آئی، فیڈرل اسٹیٹسٹیکل آفس کے اعداد و شمار جرمن حکومت کیلئے ایک بڑا دھچکا قرار دیے جا رہے ہیں کیونکہ گزشتہ ہفتے ہی حکومت نے معاشی صورتحال بہتر ہونے کی پیشگوئی کی تھی۔ حکومت نے امکان ظاہر کیا تھا کہ شرح نمو میں 0.4؍ فیصد اضافہ ہوگا، جبکہ اس سے قبل جرمن اخبار ’’بیلڈ‘‘ نے بتایا تھا کہ جرمن معیشت 2022ء کے موسم سرما میں ہی زوال کا شکار ہو چکی تھی۔