9مئی ملکی تاریخ کا تاریک دن ہے، وزیراعظم

26 مئی ، 2023

پشاور(ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا تاریک دن ہے‘ 75 سالہ تاریخ میں کسی کو بھی ایسا کرنے کی جرات نہیں ہوئی جو عمران خان اور اس کے حواریوں نے کیا ہے‘ 9مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میںکوئی فرق نہیں ‘تاریخی اور قومی ورثوں کو جلا نا کہاں کی حب الوطنی ہے ؟فوجی تنصیبات اور سول املاک پر حملہ کرنے والے، اکسانے والے، ہدایات دینے والے اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، پوری قوم نے عمران نیازی کا مکروہ چہرہ اور دوغلا پن دیکھ لیا ہے، جن پر پہلے اپنی حکومت ہٹانے کی سازش کا الزام لگایا انہی سے آج مدد مانگ رہا ہے۔جمعرات کو گورنر ہائوس پشاور میں سیاسی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ9 مئی کو پورے ملک میں دہشت گردی کی گئی ‘پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سول املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے یہ شرپسندی کی‘75سال میں کسی کو اس طرح کرنے کی جرأت نہیں ہوئی‘بڑی مشاورت کے بعد یہ طے ہوا ہے کہ سول املاک پر حملے کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی اور انہیں شواہد کے ساتھ کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا جبکہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے آئین نے افواج پاکستان کو جو اختیار دیا ہے اس کے تحت کارروائی کی جائے گی‘ ذمہ داروں کے خلاف قانون پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، جو بھی ملوث پائے گئے ان کے ساتھ قطعاً کوئی رعایت نہیں ہو گی کیونکہ اگر انہیں قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔اب قانون حرکت میں آئے گا۔قبل ازیں شہباز شریف نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ9 مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں ،تاریخی اور قومی ورثوں کو جلا نا کہاں کی حب الوطنی ہے ؟ اس سے بڑھ کر کوئی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی‘ شرپسندوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ضرور ملے گی تاکہ قیامت تک کوئی دوبارہ ایسی جرات نہ کرسکے۔ جو کام ہمارا ازلی دشمن اتنے عرصے میں نہ کر سکا وہ کام اپنوں نے دہشتگرد اور دشمن بن کر سرانجا م دیا۔ وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر اد ا کی جائیں۔علاوہ ازیں گورنرہاؤس پشاورمیں امن و امان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ 9 اور 10 مئی کو سول اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ملک دشمنوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا تو قوم ہمیں معاف نہیں کریگی‘کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ9 اور 10 مئی کوپاکستان کے دوست نما دشمنوں نے دہشتگردی کی اور پاکستان کی دفاعی تنصیبات پر حملہ کر کے وہ کام کیا جو دشمن 75 سال میں نہیں کر سکا۔ادھرشہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں اور ریاست کی علامتوں کو نشانہ بنانے والے افراد نے پاکستان کے نظریے اور تشخص پر حملہ کیا اور ملک دشمنوں کو جشن منانے کا موقع دیا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں 9 مئی کے المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا جو پْرتشدد ہو گیا، ان لوگوں نے اس کی منصوبہ بندی کی تھی، یہ واضح طور پر شرمناک واقعات تھے، جیسا کہ پوری قوم کو اسے دیکھ کر صدمہ پہنچا کہ کس طرح کچھ لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے افسوسناک اور دل دہلا دینے والے واقعات ویک اپ کال ہے، ہمیں ان لوگوں کی شناخت اور ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنا ہے جو پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔