تحریک انصاف نہیں جمہوریت کو کچلاجارہاہے ‘عمران خان

26 مئی ، 2023

لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست 9مئی کے جلائو گھیرا ئو کی آڑ میں جبری علیحدگیوں وغیرہ کے ذریعے ہماری جماعت کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے لیکن جان لیں کہ تحریک انصاف کو نہیں بلکہ ہماری جمہوریت کو کچلا جارہا ہے یعنی براہ راست ہم سے ہماری آزادی چھینی جارہی ہےمگر ہمیں غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کی یہ کوشش ناکام ہوگی ۔اپنے بیان میں عمران خان نے کہاکہ گزشتہ سال 25مئی کو فسطائیت کی گہرائیوں کی جانب ہمارے سفر کا آغاز کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے ساڑھے تین سال کے دوران پی ڈی ایم نے تین لانگ مارچز کئے جن کی اجازت دی گئی مگر ہم پر ریاستی جبر کے پہاڑ توڑ دیئے گئے۔ رات گئے گھروں پر دھاوا بولا گیا اور تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان کو اغواء کیا گیا۔ اس کے بعد جو بھی اسلام آباد پہنچا اسے آنسو گیس، ربڑ کی گولیوں اور پولیس کے ہاتھوں پوری وحشت و بربریت سے کچلا گیا۔ ہم میں سے بعض کا خیال تھا کہ یہ ظلم یہیں تک محدود رہے گا مگر یہ تو صرف آغاز ثابت ہوا۔آج پاکستان کی سب سے بڑی وفاقی جماعت کو پوری شدت سے ریاستی جبر کے نشانے پر رکھ لیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور صحافیوں کا وہ گروہ جو اس یزیدیت پر اچھل کود کرنے اور خوشیاں منانے میں مصروف ہیں، وہ جان لیں کہ اس سب سے تحریک انصاف کو نہیں بلکہ ہماری جمہوریت کو کچلا جارہا ہے ۔ایک اوربیان میں عمران خان نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ مراد سعید کے لکھے گئے اس خط پر کارروائی عمل میں لائیں جس میں انھوں نے اپنی جان کو لاحق خطرے سے متعلق بتایا ہے۔چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ محترم چیف جسٹس صاحب! سابق وفاقی وزیرمراد سعید نے اس خط کے ذریعے آپ کو اپنی زندگی کو لاحق سنگین خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ سپریم کورٹ کے محترم چیف جسٹس صاحب ہی وہ واحد شخصیت ہیں جو مراد سعید کی سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ ارشد شریف کی طرح ایجنسیز مراد سعید کے قتل کے بھی در پے ہیں۔ میری گزارش ہے کہ مراد سعید کی زندگی کے تحفظ کیلئے جو کچھ آپ کے بس میں ہے، ازراہِ کرم کیجیے!۔