ملیکہ بخاری مسرت جمشید چیمہ اور انکے شوہر بھی عمران خان کو چھوڑ گئے

26 مئی ، 2023

اسلام آباد ،لاہور،ملتان(جنگ نیوز)جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا مشکل ہے، تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے بھی عمران خان کو چھوڑ دیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں ، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحیثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔ملیکہ بخاری نے کہا کہ تمام پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔پارٹی اور سیاست چھوڑنے والے جمشید چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جناح ہاؤس حملے کا کوئی پلان نہیں تھا، 9 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا بھی قصور ہے۔جمشید چیمہ نے پارٹی رکنیت اور تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔اس موقع پر مسرت چیمہ نے کہا کہ ہمارے بس میں ہوتا تو کاش 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتا، 9 مئی کا واقعہ افسوس ناک سانحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی میری زندگی کا بدترین دن تھا، فوج پاکستان کی آزادی کی علامت ہے، اللہ کرے 9 مئی کا دن کبھی دوبارہ نہ آئے۔مسرت چیمہ نے کہا کہ میرے بڑے بیٹے کی عمر 11 سال ہے، تحریک انصاف اور سیاست کو خیرباد کہتی ہوں، سیاست کو فی الحال چھوڑ رہی ہوں۔ادھرسینیٹر عبدالقادر نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں جبکہ پی ٹی آئی ملتان یوتھ ونگ کے سابق صدر راؤ یاسرنے ’تحریک انصاف حقیقی‘ بنانے کا اعلان کردیا ۔