پی ٹی آئی کے دوٹکٹ ہولڈرز جاوید انصاری اور ملک اکرم کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

26 مئی ، 2023

ملتان،جلال پور پیروالا(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف ملتان کے مزید دوٹکٹ ہولڈرز نے پارٹی ٹکٹ واپس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ،ان میں دو بار ایم پی اے منتخب ہونے والے شاہ محمود قریشی کے دست راست جاوید اختر انصاری اور پی پی 223جلال پورپیروالا کے ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کنہوں شامل ہیں ،دونوں نے گزشتہ روز علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنس میں پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا ۔جاوید انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتا ہوں، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف یونین کونسلوں کے رہنما چوہدری غلام قادر انصاری چیرمین یوسی 66۔امجد انصاری سابق اسٹینٹ جنرل ایڈووکیٹ، چیرمین یوسی 17چوہدری نثار چیرمین یوسی 11رانا سلطان چیرمین یوسی 66عامر عزیز یوسی 09عمیر افضل کونسلر یوسی 10اسلم خان چیرمین یوسی 15مکی انصاری چیرمین یوسی 16 آصف نعیمت پوما یوسی 19شکیل سخاوت انصاری چیرمین یوسی 18شعیب انصاری چیرمین یوسی 13 ، وقاص جاوید انصاری،امجد انصاری،شکیل احمد مکھن،محمد نوید، شکیل سخاوت،جمیل،رضوان انصاری،لیاقت انصاری ودیگر بھی موجود تھے ،ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے تمام یوسی چئیرمین ، وائس چیئرمین کونسلرز اور حلقہ کے عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں ،ہم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ مجھے شاہ محمود قریشی تحریک انصاف میں لے کر آئے تھے لیکن وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے ۔ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتا رہوں گا۔ ،انہوںنے کہا کہ بزرگوں نوجوانوں اور دونوں حلقوں کے عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے پی ٹی ائی کو خیر باد کہہ دیا ہے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان دوستوں کی مشاروت سے کریں گے دریں اثناء صوبائی حلقہ پی پی 223 جلالپور پیروالہ ملتان سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کنہوں نے پریس کانفرنس 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ ہم سب پاک فوج کے ساتھ ہیں میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور افواج پاکستان یہ دونوں لازم و ملزوم ہیں ان پر حملہ قابل مذمت ہے، میں نے ہمیشہ غریب عوام کی سیاست کی ہے میں نے ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کی عزت کی ہے ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، 9 مئی کو جو واقع ہوا جس میں غیر ذمہ دارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا اس کی وجہ میں اس پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔ادھر پولیس چھاپوں سے تنگ پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران اورکارکنوں کی طرف سے پارٹی چھوڑنے کے بیانات حلفی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاعبادی کے شاگرد اور سرائیکی شاعری کے کئی مجموعہ کلام کے مصنف منیرن بلوچ نے بھی اپنی ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل کروائی جس میں انہوں نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ گذشتہ رات دادا جی مرحوم خواب میں آئے اور کہا  میں نے یوسف رضا  کو فون کیا کہ مرشد مجھ سے غلطی ہو گئی مجھے معاف کر دیں اور ایس پی صدر کو فون کریں کہ پولیس کی پروٹوکول والی گاڑیاں مجھے تلاش کرنا چھوڑ دیں۔پی ٹی آئی تحصیل جلال پور کے صدر ملک تنویر لانگ نے مبینہ طور پر سابق ایم پی اے قاسم خان لنگاہ سے معاملات طے ہونے کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے کا بیان حلفی سیکورٹی اداروں کے پاس جمع کروا دیا ہے، جنرل سیکرٹری عمر فاروق کھاکھی نے اپنے بیان حلفی میں خود کو گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن ظاہر کیا ہے، نائب صدر ملک آصف لانگ اور دیگر عہدیداران جن میں وقاص اسماعیل، اختر رحمان کنہوں، اکرم رحمان کنہوں شامل ہیں انہوں نے بشمول کارکنوں ڈاکٹر صادق لانگ، شعیب طور ایڈووکیٹ اور خواجہ محمد عمران نے حلقہ کے ایم این اے رانا قاسم نون اور ان کے بیٹے و امیدوار صوبائی حلقہ 222 رانا شہریار نون کے ذریعے اپنے بیان حلفی پولیس کے پاس جمع کروادئیے ہیں، حلفیہ بیانات میں انہوں نے خود کو گزشتہ کئی ماہ سے مسلم لیگ ن کے کارکن کے طور پر ظاہر کیا ہے، سابق یونین ناظمین سلیم نواز چن، ملک فیاض ڈیپال کے علاوہ خواجہ غلام مصطفیٰ ، ملک شاکر کنہوں، نذر رونگھا اور دیگر کئی سیاسی کارکنوں کے بیانات حلفی میں بھی لکھا گیاہے کہ وہ کئی ماہ سے پی ایم ایل این کا حصہ ہیں۔ نمائندہ جنگ سے ٹیلیفونک گفتگو میں ملک اکرم کنہوں نے کہا کہ کبھی بھی پُرتشدد احتجاج کی نہ تو تائید کی ہے اور نہ ہی ایسے احتجاج کا حصہ رہا ہوں، مستقبل کی سیاسی جماعت کے تعین یا آزاد امیدوار کی حیثیت سے سیاست بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے حلقہ میں موجود اپنے عزیز و اقارب اور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔