وزیراعظم نےپورا دن مسلح افواج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گزارا

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)وزیراعظم شہباز شریف جنہوں نے جمعرات کے روز پشاور کا دورہ کیا اپنا پورا دن مسلح افواج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گزارا جنہوں نے ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوں نے پشاور سے واپسی پر راولپنڈی میں فوجی قبرستان کا بھی دورہ کیا جہاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی ان کیساتھ موجود تھے۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور فوجی قبرستان میں شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور حکومت ملک میں استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ بھی کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے عظیم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں استحکام کیلئے حکومت اور عوام مسلح افواج کے ساتھ ہیں، شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی کرنے والے اللہ تعالیٰ اورقوم کے مجرم ہیں، انہیں معاف نہیں کریں گے، وعدہ کرتے ہیں کہ شرپسندوں اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یوم تکریم شہداء کے موقع پر راولپنڈی میں شہداء کے قبرستان کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ اپنے عظیم شہداء کے قدموں میں محبتوں کے پھول نچھاور کرنے آئے ہیں اور یہ پھول دل کی گہرائیوں سے احترام اور تکریم کے پھول ہیں، ان عظیم شہداء اور عظیم سپوتوں نے وطن عزیز کی سالمیت، ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برف پوش پہاڑوں، میدانوں اور صحرائوں میں پاکستان کی خاطر دشمن سے جنگ لڑی اور اپنی جانیں قربان کر دیں، مگروطن پر آنچ نہ آنے دی۔ ان کے اپنے بچے یتیم ہو گئے مگر انہوں نے ملک کے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا لیا، انہی کی قربانیوں کے طفیل اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قائد کا پاکستان محفوظ اورمحفوظ ترین ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء اپنی مائوں کے عظیم بیٹے ہیں، جنہوں نے راتوں کو جاگ کر کروڑوں پاکستانیوں کو سکون اور امن کی نیند مہیا کی۔ انہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کے کاروبار کو محفوظ رکھا، کھیتوں اور کھلیانوں کو ہرا بھرا ہونے کا موقع دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ان عظیم شہداء کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ 9 مئی کا جو سانحہ ہوا اور بدقسمتی سے ایک لیڈر کی منصوبہ بندی اور بہکانے پر ایک جتھے نے جس طریقے سے شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی کی، فوجی تنصیبات پر حملے کئے، اس کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے اور قوم اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ خدا بزرگ و برتر سے وعدہ کرتے ہیں کہ نہ صرف ان شرپسندوں اور دہشت گردوں کی بیخ کنی کی جائے گی اور قانون کے مطابق انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا بلکہ قیامت تک ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دینگے، وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی عظیم مائوں اور بچوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، قرآن کریم میں فرمایا گیا ہے کہ شہداء زندہ ہیں، انہیں مردہ مت کہو ان عظیم شہداء کی تکریم کا درس دیا گیا ہے کہ یہ عظیم لوگ ہیں ان کی عزت اور تکریم کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی کی انہوں نے نہ صرف اللہ تعالیٰ کو ناراض کیا ہے بلکہ قرآن کریم کی آیات اور احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور یہ لوگ قانون کے سامنے بھی مجرم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور 22 کروڑ عوام شہداء کی تکریم کیلئے پرعزم ہیں۔ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت عطا فرمائے اور ہم سب کو بھی یہ سعادت اور جذبہ عطا فرمائے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی بھرپور خدمت کریں ۔اگر فرض کی ادائیگی کیلئے جان بھی جاتی ہے تو چلی جائے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ جو لوگ اپنی انا، اپنی ذات اور ذاتی مفادات کو عظیم مقاصد سے بھی بالاتر سمجھتے ہیں وہ غلط راستے پر ہیں انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے سپہ سالار پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو ہمت دے کہ وہ فتنے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں اسی طرح بروئے کار لاتے رہیں، حکومت اور عوام ان کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ملک کی دن رات خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔