خانیوال، محکمہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم تکریم شہدا کی تقریب

26 مئی ، 2023

خانیوال (نمائندہ جنگ) ملک بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی یوم تکریم شہدا منایا گیا، اس موقع پر محکمہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پاک آرمی‘پنجاب پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل ہال میں یوم تکریم شہدا تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمانان خصوصی شہدائے پاک فوج اور شہدائے پنجاب پولیس کے اہل خانہ تھے جب کہ کرنل عبدالخالق اور میجر علی مہمانان اعزاز تھے، تقریب میں ڈی پی او رانا عمر فاروق اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے خصوصی شرکت کی، تقریب سے کرنل عبدالخالق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پاک فوج وطن کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ بیدار اور تیار ہے، ڈی پی ا و رانا عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے جب بھی ضرورت پڑی پاک آرمی کے ساتھ پنجاب پولیس کے افسران او رجوانوں نے لبیک کہا، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ پاک سرزمین کی مٹی میں پاک فوج‘پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہیدوں کا لہو شامل ہے، قبل ازیں ڈی پی او رانا عمر فاروق نے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کے ہمراہ پاک فوج کے شہید میجر زاہد باری کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی او رفاتحہ خوانی کی، شہید میجر زاہد کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر شہید میجر کے اہلخانہ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔