جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا مشکل، ملیکہ بخاری نے بھی عمران کو چھوڑ دیا

26 مئی ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا مشکل ہے، تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے بھی عمران خان کو چھوڑ دیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا،سینیٹر عبدالقادر نے بھی تحریک نصاف سے راہیں جدا کر لیں۔گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں ، ہر پاکستانی کیلئے 9مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحیثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔ملیکہ بخاری نے کہا کہ تمام پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔پارٹی اور سیاست چھوڑنے والے جمشید چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جناح ہاؤس حملے کا کوئی پلان نہیں تھا، 9 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا بھی قصور ہے۔جمشید چیمہ نے پارٹی رکنیت اور تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔