سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے یا کرنے کا سلسلہ نیا نہیں، عطاء تارڑ

26 مئی ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے یا کرنے کا سلسلہ نیا نہیں ہے، 2018ء میں ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کی گئی مگر ہمارے لوگ پی ٹی آئی کی طرح نہیں ٹوٹے تھے، تحریک انصاف کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ ن لیگی قیادت کیخلاف نیب کیسز عمران خان نے نہیں بنائے تھے ان کے اپنے دور میں بنے تھے، نو مئی کے واقعات پر جیوڈیشل کمیشن بنائیں پتا لگ جائے گا کون قصوروار ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا معاملہ ریاست پر حملے جیسی مکروہ اور قبیح حرکت کا ہے، دشمن بھی آج تک اس ہدف تک نہیں پہنچ سکا جہاں انہوں نے مٹھی بھرشرپسند بھجوائے،نو مئی کو پولیس کی قربانیاں اپنی جگہ ہیں، لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز کی آنکھ تقریباً ضائع ہوگئی، ایک ایس پی کی گاڑی جلادی گئی، پولیس نو مئی کو کھڑی تھی مگر مار کھارہی تھی، پولیس کے پاس لاٹھیاں تھیں شرپسندوں کے پاس اسلحہ تھا۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 190ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، 190ملین پاؤنڈز کیس میں مرکزی کردار ہیں مگر نیب کا کیس پبلک آفس ہولڈر پر بنتا ہے، سرکاری عہدے پر موجود شخص مرکزی ملزم ہوتا ہے باقی شریک ملزمان ہوتے ہیں، حکومت نے القادر ٹرسٹ کیس آگے نہ چلانا ہوتا تو معاملات یہاں تک نہ پہنچتے، حکومت واضح ہے 190ملین پاؤنڈز کیس منطقی انجام تک پہنچے گا۔عطا تارڑ نے کہا کہ ایم پی او جیسے قوانین جیوڈیشل اسکروٹنی سے باہر نہیں ہیں، ان کے قانونی لوازمات ہیں جو پورے کرنا ہوتے ہیں، ایم پی او کے تحت کسی پی ٹی آئی کارکن کو ناجائز نہیں پکڑا گیا، ریاست بچ سکتی تھی یا یہ لوگ بچ سکتے تھے۔