ملیکہ بخاری مسرت جمشید چیمہ اور انکے شوہر بھی عمران خان کو چھوڑ گئے

26 مئی ، 2023

اسلام آباد،لاہور،ملتان(خصوصی نامہ نگار،جنگ نیوز) جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا مشکل ، تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، نیشنل پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ نو مئی کو پاکستان کی ریڈ لائن کو کراس کیا گیا ازلی دشمن کی طرح شہدا ء کی یادگاروں اور فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے ان واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے،پارٹی چھوڑنے کا کوئی دباؤ نہیں تھا نو مئی کے واقعات کے باعث تمام محب وطن پاکستانی پریشان ہیں پاکستان کو امن اور یکجہتی کی ضرورت ہے ، عوام امن اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں، نو مئی کے کرتوت دیکھ کر پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہوتے ہوئے ضمیر ملامت کرتا ہے۔ادھر سابق گورنر پنجاب جمشید چیمہ اور انکی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ نے بھی تحریک انصاف سے علیٰحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سیاست کو خیر آباد کہہ دیا ہے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متحرک اور فعال جوڑے نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا میاں بیوی نے فوج کو ملکی آزادی اور سکون کا موجب قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ کاش ہمارے بس میں ہوتا کہ ہم 9 مئی کو اپنی زندگی سے مٹا دیتے ، مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میرا بڑا بیٹا کینسر کا مریض ہے زیادہ دیر اس سے الگ نہیں رہ سکتی، ہم نظریاتی کارکن تھے احتجاج کے دوران جلائو گھیرائو غلط تھاہم ہجوم کوسنبھال نہیں سکے،تربیت کا بھی فقدان تھا جو ہماری ناکامی کا موجب بنا ہے میری اعظم سواتی سے کوئی بات نہیں ہوئی ،عمران خان سے گیارہ بار لینڈ لائن پر بات ہوئی تھی ،عمران خان کو جارحانہ انداز تکلم سے روکنا ہمارے بس میں نہیں تھا ۔دریں اثناء سینیٹر عبدالقادر نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکاکہناتھا کہ جناح ہاؤس، کورکمانڈر ہاؤس اور آرمی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتا ہوں ہمارے جوان اپنی جانیں قوم پر قربان کرتے ہیں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا مضبوط فوج مضبوط ملک کی ضامن ہے۔