آصف درانی افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی نمائندہ مقرر ،نوٹیفکیشن جاری

26 مئی ، 2023
اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) وزارت خارجہ کے ایک سینئر ڈپلومیٹ آصف درانی کو افغانستان کیلئے پاکستان کا خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا گیا
ہے،وزیراعظم آفس کی جانب سےان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔آصف درانی نے گزشتہ روز اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر سے ملاقات کرکے بریفنگ بھی لی۔ اس سے قبل یہ ذمہ داریاں محمد صادق انجام دیتے رہے ہیں۔ آصف درانی قبل ازیں افغانستان کے علاوہ ایران، متحدہ عرب امارات میں سفیر رہ چکے ہیں جبکہ دہلی، لندن اور تہران میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔ افغانستان کے امور پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں کے مطابق آصف درانی کو ایک مشکل صورتحال میں یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے تاہم کیریئر ڈپولمیٹ اور افغانستان اور پڑوسی ممالک میں سفارتی خدمات انجام دینے اور پس منظر رکھنے کے باعث اسلام آباد اور کابل کے درمیان رابطوں اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے حوالے سے ایمبیسڈر آصف درانی سے توقعات میں پیش رفت کا زیادہ تیزی سے امکان موجود ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایمبیسڈر آصف درانی جو افغانستان کی آفیشل لینگوئج پشتو اور دری پر مکمل دسترس رکھتے ہیں انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی افغان امور پر نہ صرف گہری نگاہ رکھی بلکہ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ میں حالات حاضرہ کے حوالے سے مضامین اور تجزیوں کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ انہی موضوعات پر وہ صاحب کتاب بھی ہیں۔