190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل، عمران اور اہلیہ بشریٰ بیگم نے ذاتی حیثیت میں فائدہ اٹھایا، برطانوی تنظیم

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کے اسپاٹ لائٹ آن کرپشن نے کہا ہے کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 190؍ ملین پائونڈز کے کرپشن کے پیسے کے حوالے سے ہونے والی ڈیل میں بظاہر سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم نے ذاتی حیثیت میں فائدہ اٹھایا ہے۔ اینٹی کرپشن این جی او اسپاٹ لائن آن کرپشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سوزن ہاولی نے عمران خان کی حکومت کے ساتھ مشکوک ڈیل کرنے پر عدم شفافیت اور فیصلہ سازی میں کوتاہی پر این سی اے پر تنقید کی۔ سوزن ہاولی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ 190؍ ملین پائونڈز کا معاہدہ برطانیہ کی این سی اے اور حکومت پاکستان کے درمیان کرپٹ لین دین کی وجہ سے ہوا۔ اس ڈیل کیلئے این سی اے اور پی ٹی آئی حکومت کے احتساب وزیر شہزاد اکبر کے درمیان معاہدہ ہوا تھا، جنہیں عمران خان نے اجازت دی تھی کہ برطانوی حکام کے ساتھ ڈیل کو حتمی شکل دیں۔