جب تک تمام شرپسندوں کو پکڑ نہ لیں کو ئی اور کام نہیں کرینگے،محسن نقوی

26 مئی ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء کے موقع پرآج سینٹرل پولیس آفس لاہور، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ،یادگار شہداء کینٹ، یاد گار گنج شہدامصطفی آباد،قصور، پنجاب رینجرز ہیڈ کوارٹرزاور ایس ایس پی شہید اشرف مارتھ پولیس لائنز گوجرانوالہ کے دورے کئے اور شہداء کی یادگاروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی- سینٹرل پولیس آفس میں محسن نقوی کے ہمراہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول رکھے ،محسن نقوی نے پولیس شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا- شہداء کے خاندانوں سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں - وزیراعلیٰ نے یوم تکریم شہداء پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،9 مئی کے پرتشدد واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔شہداء کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،9 مئی کے ذمہ دار آخری شر پسند کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے -جب تک تمام ذمہ داروں کو پکڑ نہ لیں کوئی اور کام نہیں کریں گے قوم آج شہداء وطن کے ساتھ اپنی بے مثال محبت کا اظہار کررہی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک ایک شرپسند کو ٹریس کررہے ہیں -