پرویز الٰہی کی گرفتاری کیلئے لاہور پولیس گھر میں داخل

26 مئی ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر،نیوز رپورٹر) اینٹی کرپشن عدالت سے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت خارج ہونے پر پولیس انہیں گرفتار کرنے کیلئے ظہور الٰہی روڈ پر انکے گھر داخل ہو گئی، پولیس کی بھاری نفری نے چوہدری پرویز الٰہی کے گھرکا گھیرائو کر لیا لیکن پرویز الہی گھر پر نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہ ہو سکے، پولیس نے چھاپہ کے دوران فیملی کے ارکان کو بھی گھر جانے سے روک دیا ،پولیس نے پرویز الہی کے پڑوسیوں کے گھر کی بھی تلاشی کی۔پولیس نے نہر سے ظہور الٰہی روڈ کی طرف آنے جانے والی ٹریفک کو روکاوٹیں کھڑی کرکے دوسرے علاقوں کی طرف موڑ دیا۔ ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف اور ایس پی ماڈل ٹائون عمارہ شیرازی کی نگرانی میں پولیس آئی ،چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان اقبال چوہدری کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی گھر میں موجود نہیں جبکہ پولیس کے مطابق وہ گھر میں ہی موجود ہیں اوروہ پرویز الٰہی کو گرفتار کرکے ہی جائینگے ۔