کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ، ATC نے 16 ملزمان فوج کے حوالے کردیئے، عمران بشریٰ سمیت 600 PTI رہنما نو فلائٹ لسٹ میں شامل

26 مئی ، 2023

لاہور / اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی عدالت (ATC) نے کورکمانڈر ہاؤس لاہور پرحملے میں ملوث 16ملزمان فوج کے حوالے کردیئے ، ملزمان میںسابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان اور دیگر شامل ہیں، ملزمان آفیشنل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 7،3اور 9کے تحت قصور وار پائے گئے ۔ کمانڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ انکے خلاف آرمی ایکٹ 1952کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے ۔ ادھر سابق وزیراعظم عمران خان ،انکی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کے 600 سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلئے گئے ہیں۔ ان رہنماؤں میں مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری ، اسد قیصر، یاسمین راشد ،اسلم اقبال بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض PTIارکان،عہدیداروں نے بیرون ممالک جانےکی کوشش کی،انکو روکا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ ادھرسول جج راولپنڈی عمران اکرم نے سینیٹر اعجاز چوہدری کا ایک روزہ سفری ریمانڈ منظو رکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداددہشتگردی عدالت (ATC)نے 9مئی جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس لاہور)میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں کمانڈنگ افسر کی جانب سے ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے ملزمان کو تحویل دینے کی استدعا منظور کرلی، اے ٹی سی نے 16ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالےکر دیا،کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشنل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 7,3 اور9کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں، ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ 1952ء کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے ، پراسکیوشن نے کمانڈر کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا ، عدالت نے حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل ملزمان کو مزیدکارروائی کیلئے کمانڈر افسر کے حوالے کردے ، ملزمان میں سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان، عمار ذوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیا الرحمان، وقاص علی، رئیس احمد، فیصل ارشاد، محمد بلال حسین، فہیم حیدر، ارزم جنید، محمد حاشر خان اور حسن شاکر شامل ہیں۔ ادھر سابق وزیراعظم عمران خان ،انکی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کے 600 سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلئے گئے ہیں۔ ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ بیرون ممالک جانے سے روکنےکیلئے پی ٹیآئی رہنماؤں کے نام ایف آئی اے کی پروونشل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل) میں ڈالےگئے ہیں۔مرادسعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری ، اسد قیصر، یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہےکہ گزشتہ 3 روز میں بعض عہدیداروں نے بیرون ممالک جانےکی کوشش بھی کی، بیرون ممالک جانےکی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی ارکان اور عہدیداروں کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا، انکو بیرون ممالک سفر سے روکنےکیلئے نام پولیس، سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے ارسال کئے تھے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کو کالعدم قرار دیدیا۔ اور اعجاز چوہدری کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔تاہم سینیٹر اعجاز چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ادھرسول جج راولپنڈی عمران اکرم نے سنیٹر اعجاز چوہدری کا ایک روزہ سفری ریمانڈ منظو رکرلیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر گزشتہ روز سنٹرل جیل اڈیالہ سے رہائی پانے والے تحریک انصاف کےسینیٹر کو لاہور پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے عدالت پیش کیا تھا عدالت نے ملزم کا ایک روزہ سفری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آج لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ میں خون کے آخری قطرے تک عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا ،انہوں کہا کہ ظالم سرکار کے سامنے جھکا ہوں نہ جھکنے کا کوئی سوال ہے۔