پی ٹی آئی کا کوئی رہنما جیل جانے یا سامنے آنے کو تیار نہیں ،رانا ثناء

26 مئی ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا کارکن پر اس کے سوا کوئی دباؤ نہیں ہے کوئی زبردستی نہیں ہے، پی ٹی آئی کا کوئی رہنما جیل جانے یا سامنے آنے کو تیار نہیں ہے،ہم تو جیلوں میں جولائی، اگست کے مہینوں کی گرمی میں رہے ہیں، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی اورقانونی دونوں محاذوں پر سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے ساتھ کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے ، اڈیالہ میں دیگر ڈھائی تین ہزار افراد بھی مئی کی گرمی میں رہ رہے ہیں ،ہم پر تو انہوں نے سزائے موت کے کیسز بنوائے تھے ،جب یہ اس طرح چھپیں گے تو پولیس انہیں رشتے داروں، بہن بھائیوں کے گھروں میں تلاش کرے گی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فوجی حکام نو مئی کے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔