سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے یا کرنے کا سلسلہ نیا نہیں،عطاء تارڑ

26 مئی ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے یا کرنے کا سلسلہ نیا نہیں ہے، 2018ء میں ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کی گئی مگر ہمارے لوگ پی ٹی آئی کی طرح نہیں ٹوٹے تھے، تحریک انصاف کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ ن لیگی قیادت کیخلاف نیب کیسز عمران خان نے نہیں بنائے تھے ان کے اپنے دور میں بنے تھے، نو مئی کے واقعات پر جیوڈیشل کمیشن بنائیں پتا لگ جائے گا کون قصوروار ہے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا معاملہ ریاست پر حملے جیسی مکروہ اور قبیح حرکت کا ہے، دشمن بھی آج تک اس ہدف تک نہیں پہنچ سکا جہاں انہوں نے مٹھی بھرشرپسند بھجوائے،عطاء تارڑ کا کہنا تھا حکومت نے القادر ٹرسٹ کیس آگے نہ چلانا ہوتا تو معاملات یہاں تک نہ پہنچتے، حکومت واضح ہے 190ملین پاؤنڈز کیس منطقی انجام تک پہنچے گا۔