عمران کی میڈیکل رپورٹ میں شراب ، کوکین کا استعمال سامنے آیا: حکومت، قانونی کارروائی کرینگے، PTI

27 مئی ، 2023

اسلام آباد، کراچی( نامہ نگار،خبر نگار،نیوز ایجنسیز) وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ پبلک کردی ، پمز کی میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کی ذہنی حالت پرسوال اٹھایا گیا ہے رپورٹ کے مطابق انکی دماغی حالت غیر مناسب تھی جبکہ طبی معائنے کے دوران عمران خان کی حالت بے چین تھی اور پچھلے کچھ دنوں کی صورتحال کی وجہ سے عمران خان ذہنی دباو کا شکار تھے ،عمران خان کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد پمز ہسپتال میں پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا معائنہ کیا تھا عمران خان کے بلڈ سمپل کیساتھ دیگر ٹیسٹ بھی کئے گئے تھے بورڈ نے عمران خان کا یورین سمپل بھی لیا تھا، عبدالقادر پٹیل نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انکا دماغی توازن درست نہیں اور وہ شراب اورکوکین کا استعمال کرتے ہیں،عمران خان جب وزیراعظم تھا تو اسوقت بھی میں نے کہا تھا کہ یہ دماغی طور پر درست نہیں ہے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قادر پیٹل نے کہا کہ عمران خان گرفتار ہوئے تھے پمز ہسپتال میں سینئر ڈاکٹروں کے پینل نے انکا میڈیکل ٹیسٹ کیا تھا لیکن رپورٹ سامنے آنے سے پہلے ہی انکو رہا کردیا گیا، میڈیکل رپورٹ پبلک پراپرٹی ہوتی ہے جسےعوام کے سامنے پیش کررہا ہوں جس کے مطابق عمران خان شراب اور کوکین کا استعمال کرتے ہیں اور انکا دماغی توازن بھی درست نہیں ہے، حملے کے بعد عمران خان کی ٹانگ پر گولیوں کے ٹکڑے لگے تو فریکچر کا کہہ کر پلستر کروالیا مگر انکی میڈیکل رپورٹ میں ٹانگ میں فریکچر ہونے کا کوئی ذکر نہیں ہے ، میڈیکل رپورٹ کہتی ہے جب ہم نے انکا جائزہ لیا تو انکی حرکات و سکنات کسی فٹ آدمی کی نہیں ہیں دماغی طور پر درست آدمی کی نہیں ہیں بلکہ سوالیہ نشان ہےکچھ حرکتیں ایسی تھیں جو عام آدمی کی نہیں ہوتیں ۔ادھر تحریک انصاف نے عمران خان کی طبی صورتحال کے بارے میں پریس کانفرنس کرنے پروزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور معاونین کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے ، پارٹی اعلامیہ کے مطابق چیئرمین عمران خان نے عبدالقادر پٹیل ، نیب ، وزارت صحت اور پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی منظوری دیدی، بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی کی سربراہی میں قانونی ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس اور بیہودہ الزام تراشی پر ہتک عزت سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائیگی قبل ازیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے وزیر صحت کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عمران خان پر الزامات کی شدید مذمت کی ۔