کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

27 مئی ، 2023

کراچی(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے،ملک کو وزیراعظم سےبہت امیدیں وابستہ ہیں، کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، اس پر توجہ سے قوم کو پائوں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کے فور منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وفاقی وزراء فیصل سبز واری، خورشید شاہ بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف اسی طرح کراچی آتے رہیں۔پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو اندازہ ہی نہیں سیلاب سے کیا تباہی ہوئی، مون سون سے کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان اور سندھ کے عوام کیلئے ڈی سیلینیشن کا نظام لانا ہوگا، شہبازشریف ہمارے وزیراعظم ہیں،آپ ہی ملک کے مسائل حل کرینگے۔بلاول بھٹو زراری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی کارکردگی کی وجہ سے ایک سال میں زمین آسمان کا فرق آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پر توجہ دیں تو آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہیں ۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ شرجیل میمن نے 2 سال جیل میں گزارے تھے، جس وقت پی پی رہنما گرفتار تھے تو چیف جسٹس گڈ ٹو سی کہنے جیل تک آجاتے تھے۔ان کاکہنا تھاکہ پوچھتا ہوں اگر9مئی کی سازش نائن زیرویابلاول ہائوس میں تیارہوتی توکیاردعمل ہوتا؟بلاول بھٹو زرداری نے مزیدکہا کہ ہم نہیں چاہتے مخالف یہ دن دیکھیں مگر اس سے پہلے9مئی جیسے واقعات نہیں دیکھے،جب ہم پچھلے سال اسلام آباد ریلی لیکر گئے توڑ پھوڑ کا ہم پر کوئی کیس نہیں بنا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک پاکستان ہے یا دو پاکستان ہیں؟ یہ تاریخ بتائے گی ،وزیراعظم کے پاس فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنے کے بعد سے ہی پابندی کا اختیار تھا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں آپ اپنی ایک ٹیم بنائیں جو ان مسائل کو حل کرے، جب ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو وہ پوری معیشت کو سنبھالتے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کے دوست جمہوریت کیساتھ کھڑے ہوئے، ان کو زبردستی یہ دن دیکھنا پڑے،شروع میں ہم تو ان کے خلاف کیسز نہیں لائے ہم سیاسی انتقام کا تاثر نہیں دینا چاہتے تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب عمران خان کو عدالت بلایا جاتا ہے اور وہ نہیں جاتے تو جواب میں پی ٹی آئی زمان پارک کو میدان جنگ بنادیتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے کہا کہ وزیراعظم کے مشکور ہیں جو کے۔فور منصوبہ کے سنگ بنیاد کے موقع پر یہاں موجود ہیں، اب توقع کی جا سکتی ہے کہ آئندہ سال کراچی کے عوام کو 26 کروڑ گیلن اضافی پانی میسر آ سکے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے۔فور منصوبہ کو 20 سال ہو چکے ہیں، یہ منصوبہ غلط پلاننگ کی مثال تھا، پی ٹی آئی کے دور میں اس پر کام بند رہا، موجودہ حکومت آنے پر دوبارہ کام کا آغاز ہوا۔ مراد علی شاہ نے کہا آج کراچی شہرمیں 1200 ملین گیلن یومیہ پانی کی طلب ہے،وفاق اورسندھ حکومت کے فور منصوبےکی بروقت تکمیل کوخاص اہمیت دےرہی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ منصوبوں کی لاگت پر کٹ نہ لگائیں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ کے۔فور منصوبہ ہم سب کا ہے، وزیراعظم کی یہاں موجودگی سے توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2024ء میں مکمل ہو جائے گا، ہم ان سے پیسہ مانگتے ہیں تو مایوس نہیں کرتے، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واپڈا کو 20 فیصد اضافی بجٹ دیں گے۔