شزہ فاطمہ خواجہ کا لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

27 مئی ، 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں نوجوانوں کو بااختیار بنایا، ان کے بہتر مستقبل کے لئے منصوبے شروع کئے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف نے یوتھ پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے اور گزشتہ دور میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔ بدقسمتی سے 2018 میں لیپ ٹاپ سکیم بند کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو شرپسندی کی طرف راغب کیا اور منفی باتوں کے ذریعے ان کی ذہن سازی کی گئی۔ 9 مئی کو ہونے والے واقعات اسی کا تسلسل ہے، ہر محب وطن ان واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نیشنل انوویشن پروگرام کے تحت 3 ہزار طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے۔ آج 2023ء میں شہباز شریف کی قیادت میں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کو مزید توسیع دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز کو فروغ دینے کے لئے نیشنل اینویشن پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں 3000 نوجوانوں نے حصہ لیا۔