عہدے سے ہٹائے گئے وفاقی سیکرٹری خزانہ نے 2سال کی چھٹی لے لی

27 مئی ، 2023

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت کی جانب سے افسران کے تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے عہدے سے ہٹائے گئے وفاقی سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے 2سال کی چُھٹی لے لی ہے۔18مئی کو عہدے سے ہٹائے گئے حامد یعقوب شیخ نے بیرونِ ملک قیام کیلئے بغیر تنخواہ 2 سال کی چُھٹی لی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق اُن کی 2 سال کی غیر معمولی، بغیر تنخواہ، ایکس پاکستان لِیو 19 مئی 2023 سے 18 مئی 2025 تک کیلئے ہے۔ دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق ٹیکنیکل سپیشلسٹ، حکومتی رابطہ افسر فارن کامن ویلتھ ڈویلپمنٹ آفس میر ویس نیاز کے تقرر میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ پولیس سروس کے گریڈ 20 کے ڈی آئی جی میر ویس نیاز کے تقرر میں کی گئی توسیع 30 ستمبر 2023 تک موثر ہے۔ دریں اثناء پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے عمران علی سلطان کی چُھٹی منسوخ کر کے اُنہیں 8 جون 2023 سے ایڈیشنل ڈائریکٹر (پاس) سول سروسز اکیڈمی لاہور مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان حکومت میں تعینات ڈاکٹر سارہ گُل کو ڈیپوٹیشن پر 21 اکتوبر 2025 تک میڈیکل افسر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سیکشن افسر ثوبیہ بتول (گریڈ18) کو اقتصادی امور ڈویژن سے ملٹری فنانس وِنگ، خزانہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ مزید برآں عقیلہ بیگم (گریڈ18) کو 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب ریجن تعینات کیا گیا ہے۔ عقیلہ بیگم سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ، پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ تعینات تھیں۔