مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ،45.49فیصد رہی،18اشیاء کی قیمتوں میںاضافہ

27 مئی ، 2023

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)ملک میں رواں ہفتے 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 45.49فیصد رہی اور گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی اورحساس اعشاریوں کےمطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 0.42فیصد کمی ہوئی جبکہ گزشتہ برس اس ہفتے مہنگائی کی شرح 16.97فیصد تھی اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 28.52فیصد اضافہ ریکارڈ گیا گیا پاکستان بیور و آف شماریات نے 51اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا جس کے مطابق 18اشیا کی قیمتوں میں اضافہ 16کی قیمتوں میں کمی اور 17ا شیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا، گزشتہ برس اس ہفتے حساس اعشاریوں کے مطابق مہنگائی کی شرح16.97 فیصد تھی جو اس سال بڑھ کر 45.49فیصد ہو گئی ہے، گزشتہ برس کے اس ہفتے کے مقابلے میں برانڈڈ چائے 114.93فیصد ، گندم کا آٹا 110.17فیصد ، کیلے 99.5فیصد، آلو 98.10فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول81.24فیصد، انڈے 69.55فیصد، دال مونگ63.18فیصد، بریڈ 63.17فیصد ، دال ماش 55.17فیصد، سگریٹ 138.50فیصد، گھریلو گیس108.38فیصد ، پیٹرول 79.85فیصداور ڈیزل 78.68فیصد مہنگاہوا ، گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 43.49فیصد ، پیاز 33.74فیصد کمی ہوئی۔