چھتیس گڑھ:فون تلاش کرنے کے لیے بھارتی سرکاری عہدیدار نے ڈیم سے 21لاکھ لٹر پانی بہادیا

27 مئی ، 2023

کراچی(جنگ نیوز)ایک بھارتی سرکاری عہدیدار نے ڈیم میں گرنیوالا اپنا فون تلاش کرنے کیلئے 21لاکھ لٹر پانی بہادیا۔ بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق 32 سالہ راجیش وشواس جو کہ ایک فوڈ انسپکٹر ہے اور وہ ضلع کنکر کے علاقے پکھنجر میں تعینات ہے وہ ڈیم میں کشتی پر سیلفی بنا رہا تھا کہ اس کا سام سنگ ایس 23 الٹرا موبائل فون( جس کی مالیت 95 ہزار بھارتی روپے اور تقریباساڑھے تین لاکھ پاکستانی روپے کے برابرہے) ڈیم میں گرگیا۔ پہلے تو دوروز تک وہ اور اس کے ساتھی اسے ویسے تلاش کرتے رہے پھر انہوں نے پانی نکلوانے کا فیصلہ کیا اور 21 لاکھ لٹر پانی ڈیم سے نکلوا دیا ۔اسے بعد ازاں اپنا موبائل فون خراب حالت میں مل گیا۔حکام کے مطابق اسے ایسا کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔ مذکورہ عہدیدار کو معطل کردیا گیا ہے۔راجیش کا کہنا ہے کہ اس کے موبائل میں سرکاری ڈیٹا تھا اس لیے اس نے اس کی تلاش کےلیے تگ و دو کی۔