شیخوپورہ، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ڈاکٹر سمیت 2افراد قتل

28 مئی ، 2023

شیخوپورہ،فیصل آباد(نمائند گان جنگ) شیخوپورہ میں دو وارداتوں کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے ڈاکٹر سمیت 2افراد کو قتل کردیا۔پہلے واقعہ میں لاہور سرگودھا روڈ پہ مانانوالہ موڑ کے قریب تھانہ سٹی کےعلاقہ مسلم گنج میں عارضی طور پہ رہائش پذیر عظیم احمد اپنی گلی کی طرف مڑنے ہی لگا تھا کہ دو ڈاکوؤں نےلوٹنے کی کوشش کی ، عظیم نے مڑاحمت کی تو ڈاکوؤں نے 38 سالہ ڈاکٹر عظیم کو قتل کر دیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔تھانہ سٹی پولیس فاروق آباد نے مقدمہ درج کر لیا۔دوسرے واقعہ میں شیخوپورہ سرگودھا روڈ کی آبادی اسلام پورہ میں بھی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دکاندار نعیم مصطفی کو مار ڈالا ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق دوڈاکو موٹر سائیکل پرمقتول کی دکان پر آئے اور لوٹ مار شروع کردی۔مصطفیٰ نے مزاحمت کی تو گولیاں مارکر جان لے لی اور فرار ہوگئے۔پولیس نے مقتول کے بھائی زید مصطفی کی رپورٹ پرڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فیصل آباد کے تھانہ پیپلز کالونی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران کار سوار 2مبینہ نوسرباز ہلاک ہو گئے جبکہ انکے تیسرے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ مرنے والے مبینہ نوسربازوں کے ورثاء نے جائے وقوعہ اور ضلع کونسل چوک میں احتجا ج کیا اور پولیس مقابلہ کو جعلی قرار دیتےہوئے اعلیٰ سطح انکوائری کر کے ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کار سوار تین نوسرباز ڈاکوئوں نے تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ سوساں روڈ پر ایک راہگیر عقیل سے نقدی اور موبائل فون چھینا اور جڑانوالہ روڈ کی طرف فرار ہوئے۔ ڈی گرائونڈ چوک میں ایلیٹ فورس نے کار کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے کار حبیب جالب روڈ کی طرف تیزی سے موڑتے ہوئے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی جبکہ ایلیٹ فورس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کے زخمی ہونے پر کار کھمبے کے ساتھ ٹکرا گئی ۔ جس سے دو مبینہ ملزمان افضال سکنہ سہیل آباد اور شہزاد سکنہ ڈی ٹائپ کالونی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی سہیل عرف باگے شاہ زخمی ہو ا۔