فرانس میں عید الفطر پر چھٹی لینے والے طلباء کی تعداد معلوم کرنے کا حکم

28 مئی ، 2023

پیرس(نیوز ڈیسک)فرانس کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس نے عید الفطر کے موقع پر اسکولوں سے چھٹی کرنے والے بچوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے حاضری کے رجسٹروں کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ جونیئر منسٹر پسونیا بیکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کچھ مذہبی تہواروں پر عوامی خدمات کے کاموں اور خاص طور پر تعلیمی شعبے پر پڑنے والے اثرات کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہے۔ ٹولوز شہر میں پولیس نے مقامی اسکولوں کے سربراہوں سے 21 اپریل کو غیر حاضر بچوں کی تعداد کی تفصیلات فراہم کرنے کا کہاہے، جس کے نتیجے میں یہ الزام لگایا گیا کہ حکام غیر حاضر بچوں کا ریکارڈ ترتیب دے رہے ہیں، جس کی بیکس نے تردید کی۔ ملک کی سب سے بڑی اساتذہ کی یونین، ایف ایس یو نے وزیر داخلہ ژیرالڈ ڈارماناں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔