ارشاد عارف سی پی این ای کے صدر اعجاز الحق سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے

28 مئی ، 2023

لاہور، کراچی(جنرل رپورٹر، اسٹاف رپورٹر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے سالانہ انتخابات/24 2023 میں ارشاد عارف کو صدر، اعجاز الحق کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی بلوچستان، میر عبدالقدوس بزنجو نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے سالانہ انتخابات/24 2023 میں ارشاد عارف(روزنامہ 92 نیوز لاہور)کو صدر ، انورساجدی(روزنامہ انتخاب کراچی) سینئر نائب صدر ، اعجاز الحق(روزنامہ ایکسپریس کراچی ) کو سیکریٹری جنرل ،حامد حسین عابدی(روزنامہ امن کراچی)کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل ،عامر محمود(کرن گروپ کراچی)کو نائب صدر سندھ ، یوسف نظامی(ڈیلی پاکستان ٹوڈے لاہور)کونائب صدر پنجاب ،طاہر فاروق(ڈیلی اتحاد پشاور)کونائب صدر کے پی کے ،سردار خان نیازی((نیارخ)پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز) کو نائب صدر اسلام آباد ، عارف بلوچ(ڈیلی بلوچستان ٹائمز کوئٹہ)کو نائب صدر بلوچستان ، غلام نبی چانڈیو(روزنامہ پاک کراچی) کوفنانس سیکریٹری اورزبیر محمود(ڈیلی صورت حال فیصل آباد) انفارمیشن سیکریٹری جبکہ دیگر عہدیداروں میں جوائنٹ سیکریٹری سندھ مقصود یوسفی(روزنامہ نئی بات کراچی)،جوائنٹ سیکریٹری پنجاب ضیا تنولی(روزنامہ فائنل نیوز لاہور)،جوائنٹ سیکریٹری کے پی کے ممتاز صادق(روزنامہ آزادی سوات)،جوائنٹ سیکریٹری اسلام آباد یحی سدوزئی(روزنامہ لیڈ پاکستان اسلام آباد)،جوائنٹ سیکریٹری بلوچستان منیر بلوچ(روزنامہ نوائے وطن کوئٹہ)، قاضی اسد عابد (ماہنامہ عبرت میگزین حیدرآباد)، اکرام سہگل (ماہنامہ ڈیفنس جرنل کراچی)شیر محمد کھاوڑ (روزنامہ اپیل کراچی)،عبدالخالق علی (آن لائن نیوز ایجنسی)،احمد شفیق (ماہنامہ ہاسپٹیلٹی پلس لاہور)وقاص طارق (ڈیلی جہاں نما لاہور)،ذوالفقار راحت (ہاٹ لائن لاہور)،شہزاد امین (ڈیلی گلف نیوز لاہور)،ایم سراج(روزنامہ جہان پاکستان لاہور)،کاظم خان(ڈیلی ٹائمز لاہور)،ندیم بسرا(نوائے وقت لاہور)،عدنان ظفر (ڈیلی آج پشاور)،اکمل چوہان(روزنامہ وفا بہاولپور)،ایاز علی میمن(ڈیلی نجات سکھر)،فقیر منٹھار منگریو(روزنامہ مہران حیدرآباد)،علی ارباز خان(روزنامہ ملتان نامہ ملتان)، تنویرشوکت(روزنامہ غریب فیصل آباد)،فضل الحق (ڈیلی ٹائمز پشاور)،تزئین اختر (روزنامہ ازکار اسلام آباد)،خلیل الرحمن(روزنامہ اسلام اسلام آباد)، اعتزازحسین شاہ (روزنامہ میدان پشاور)،علی احمد ڈھلوں (روزنامہ لیڈرلاہور)،محمود عالم خالد (ماہنامہ فروزاں کراچی)، علی حمزہ افغان(ہفت روزہ تکبیر کراچی )اوراویس رازی( ہفت روزہ عزم لاہور)منتخب ہو گئےجبکہ واحد خاتون نشست پرصدر ارشاد احمد عارف نے منزہ سہام (ماہنامہ دوشیزہ کراچی) کو نامزد کیا۔لاہور پریس کلب کے صدر محمد اعظم چوہدری، سینئرنائب صدر شاداب ریاض، نائب صدر ظہیر احمد بابر، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری حسن تیمور جکھڑ، فنانس سیکرٹری حافظ فیض احمد اور اراکین گورننگ باڈی نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہےکہ سی پی این ای صحافت کا ایک اہم شعبہ ہے اوراپنے قیام سے تاحال آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے لئے بہترین کردار اداکر رہاہے، ہم امید کرتے ہیں کہ نومنتخب عہدیداران شعبہ صحافت اور صحافیوں کو درپیش مسائل اور آزادی صحافت وآزادی اظہاررائے کیلئے دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ ملکر اپنابھرپور کردار ادا کرینگے۔ دریں اثناء وزیراعظم نے ارشاد عارف کو صدر، انور ساجدی کو سینئر نائب صدر اور اعجازالحق کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک کا پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام نومنتخب عہدیداروں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی این ای اہل قلم اور صحافت کے ممتاز ناموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔ آپ کا انتخاب سی پی این ای میں شامل آپ کے ساتھیوں کے آپ پر اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ سی پی این ای کی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے کوششوں میں حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ نومنتخب عہدیداروں کیلئے دعا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں اور اپنی کمیونٹی کے اعتماد پر پورا اتریں۔ علاوہ ازیں سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے، اتحادی حکومت میڈیا کی آزادی پر نہ صرف کامل یقین رکھتی ہے بلکہ اس کے فروغ کے لئے اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ حکومت نے ہمیشہ میڈیا کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے صحافت اور آزادی اظہار رائے ضروری آئینی تقاضے ہیں۔ جمہوریت کے استحکام اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی اپنے جاری پیغامات میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نو منتخب عہدیداران کو الیکشن کے ذریعے کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پی این ای کی نو منتخب قیادت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار کرے گی۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے عہدیداروں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی،گورنر ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایچ ایم آر واٹر فرنٹ پر منعقدہ ہروگرام میں جنرل سیکرٹری عامر محمود اور حاجی محمد رفیق پردیسی نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ استقبالیہ میں ترکیہ کے قونصل جنرل Cemal Sangu بھی شریک تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ملک سیاسی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے اسلئے ریاست کے چوتھے ستون صحافت پر اس صورتحال میں بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑا جائیگا اس ضمن میں قومی یکجہتی کے لئے علمائے کرام،جامعات کے وائس چانسلرز اور بزنس کمیونٹی سے رائے لی ہے ۔ تقریب سے سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل عامر محمود،حاجی رفیق پردیسی اور کونسل کے دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے سی پی این ای کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے منتخب صدر ارشاد عارف سیکرٹری جنرل اعجاز الحق ڈپٹی سیکرٹری جنرل عابد حسین فنانس سیکرٹری غلام نبی چانڈیو سینئر نائب صدر انور ساجدی نائب صدر عارف بلوچ اور جوائنٹ سیکر ٹری منیر بلوچ کی انکے عہدوں پر کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پی این ای اخباری صنعت کی ترقی اور اس اہم صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اہم فورم ہے جس نے ہمیشہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد کی ، ہم سی پی این ای کی اس جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اخباری صنعت کو بے حد اہمیت دیتے ہوئے اسکی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کریگی اور بلوچستان کے اخبارات کے مالی و دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔