9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ،واقعات قابل مذمت، شہزاد وسیم

28 مئی ، 2023

اسلام آ باد (آئی این پی ) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت بے یقینی ختم کرنے میں کردار ادا کرے، اپنے گھر کو آگ لگاکرچراغاں نہیں کیاجاسکتا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قابل مذمت کے ساتھ ناقابل قبول بھی ہیں، میرے خاندان کی4 نسلوں نے اپنی زندگی ملکی دفاع کیلئے وقف کی،9 مئی کادن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، میری بھی ذمہ داری ہے کہ میں عوام کیلیے اپنا پارلیمانی کردار ادا کروں۔ یقین ہے میرے ساتھی سینیٹرز بڑے مقاصد کیلئے میری معاونت کریں گے۔ سینیٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ملکی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنیدی، ملکی سالمیت کو جو خطرات ہیں اس کیلیے مضبوط فوج لازمی ہے۔ بالاکوٹ میں دشمن سمجھتاتھااس کی فتح ہوئی مگرفوج نےدندان شکن جواب دیا۔ رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی کا سینیٹرہوں اس لیے اپوزیشن لیڈر ہوں، بحیثیت اپوزیشن لیڈرسینیٹ آف پاکستان مجھ پر بھی ذمہ داری ہے، ضرورت اس بات کی ہے معاملہ فہمی کے ساتھ ملک کو چیلنجز سے نکالاجائے۔ ملک کو مختلف چیلنجز کا سامناہے، سیاسی قیادت بے یقینی ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔