گلگت،استورمیں برفانی تودہ گرگیا،10خانہ بدوش جاں بحق،متعدد زخمی

28 مئی ، 2023

گلگت،استور،اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز رپورٹر،نمائندہ خصوصی ،خبر ایجنسیاں )گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرنے سے تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 25 زخمی ہو گئے ، امدادی کارکنوں نے برفانی تودہ سے ایک نعش برآمد جبکہ 11 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال استورمنتقل کردیا ،امدادی کارروائیوں کے بعد 11 افراد زندہ نکالے جا چکے ہیں، جاں بحق ،زخمی اورلاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی جا رہی ہے، ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کے 2ہیلی کاپٹرز فراہم کردئیے ہیں ، فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات کو ریسکیو و ریکوی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے،حادثے کے حوالے سے ڈی آئی جی دیامر، استور ڈویژن طفیل میر نے بتایا کہ ہفتہ کے روز علی الصبح شدید بارشوں کے باعث استور تحصیل شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرا ، جس سے کشمیر سے تعلق رکھنے والا خاندان زد میں آ یا جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق، بچوں اور خواتین سمیت 25 زخمی ہو گئے ہیں،دشوار گزار اور آبادی سے دور ہونے کے باعث جائے حادثہ تک رسائی اور فوری امداد میں دشواریوں کا سامنا ہے تاہم پولیس انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو کے امدادی ٹیمیں بھجوا دی گئی ہیں، حادثے کے مقام پر مواصلات کا نظام بھی نہ ہونے سے رابطوں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے اپنے ایک بیان میں واقعے میں 10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایات پر تمام ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب بھیج دیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے انتظامیہ، ریسکیو 1122اور محکمہ صحت کو تودے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دے دیا،خالد خورشید نے سیکرٹری داخلہ، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے و دیگر اعلیٰ حکام کو فوری طور استور پہنچنے اور کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے استور میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے،ہفتہ کواپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ موسیمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی وجہ سے پاکستان میں ایسے واقعات میں اضافہ ہورہاہے، پوری دنیاکو پاکستان جیسے پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکارترقی پذیرممالک کو ان مضراثرات سے بچانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔