یوم تکبیرملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،سپیکروڈپٹی سپیکر

28 مئی ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہداکرم درانی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس دن پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے یوم تکبیر کے موقع پر سپیکر نے کہا کہ آج ملکی تاریخ کا ایک یادگار دن ہےجب سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کو دہراتے ہوئے نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا عزم کیا تھا شہید بھٹو کی ولولہ انگیز شخصیت نے پاکستان کو دنیا میں وہ مقام دلایا جسے تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کر سکتے 28 مئی 1998ء کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شہید بھٹو کی پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے خوب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چاغی کے مقام پر 6 ایٹمی دھماکے کئے یہ وہ دن تھا جب پاکستان نے پوری دنیا کے سامنے اپنی طاقت کا لوہا منوایا اور اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل کیا انہوں نےکہاملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور دشمن ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، 9 مئی کا دن ملکی تاریخ میں ایک سیاہ دن تھا جس نے ملک کے دشمنوں کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے آشکار کر دیا فوجی تنصیبات کو نقصان سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور شہداء کی بے حرمتی کرنا دشمن کا مذموم ایجنڈا تھا ،ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ یوم تکبیر ہمیں اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکے کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کیے اور پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بن گیا پاکستان کا دفاع اور ایٹمی اثاثے مضبوط ہاتھوں میں ہیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء سپیکر سے ہفتہ کے روز یونین کونسل قاضیاں گائوں میانی ڈھیری سےتعلق رکھنےوالےتحریک انصاف اور ن لیگ کے عہدیداران نے ملاقات کی اورپیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی،سپیکر نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ مشکل حالات میں حکومت کرنے کا موقع ملا ہے موجودہ مخلوط حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنےکیلئے دن رات مصروف ہے،گوجر خان کے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنیوالوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرینگے پیپلز پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے پر یقین رکھتی ہے۔