شبلی فراز نے پی ڈی ایم کو اپنے عظیم باپ کی زبان میں پیغام دیا
میں آج زد پہ اگر ہوں تو خوش گمان نہ ہو
چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں
میں جن دنوں جنگ کے ادبی صفحےکیلئے کالم لکھا کرتا تھا تو ایک بارمیں نے لکھ دیا تھا ’’کہتے ہیں میر تقی میر اسلئے خدائے سخن ہیں کہ انکے پاس بہترنشتر ہیں۔اگر معاملہ نشتروں کا ہے تومجھے احمد فراز کےپانچ سو نشتر یاد ہیں ۔یوں توپھر احمدفراز میر تقی میر سے بڑے شاعر ہوئے ۔اس بات کی کئی لوگوں کو اتنی تکلیف ہوئی کہ آخر کار مجھے اپنا ادبی کالم بند کرنا پڑ گیا۔سو اب میر تقی میر کے متعلق میں کچھ کہنے سے خوف زدہ ہوں مگر پچھلے دنوں میں نے ایک کتاب لکھی ہے ’’موازنہ فراز وفیض ‘‘ وہ ابھی طباعت کے مراحل میں ہے ۔یقیناً اس پر بھی بہت سے ماتھے تیغ تیور ہونگے کہ میں نے فراز کو فیض سے بہترشاعر کیوں قرار دیا ۔آج کایہ کالم میری اس بات کی تھوڑی بہت وضا حت ضرور کردیگا
بزبان ِفواد چوہدری احمد فراز کا شعر پیش خدمت ہے
تیرے بغیر بھی تو غنیمت ہے زندگی
خود کو گنوا کے کون تر ی جستجو کر ے
شریں مزاری بزبان ِ احمد فراز فرماتی ہیں
ضبط لازم ہے مگر دکھ ہے قیامت کا فراز
ظالم اب کے بھی نہ روئے گا تو مر جائے گا
رو پڑا ہوں تو کوئی بات ہی ایسی ہوگی
میں کہ واقف تھا ترے ہجر کے آداب سے بھی
عمران خان نے کئی بار اپنے گرد و نواح کو دیکھ کراحمد فراز یہ شعر پڑھا ہوگا۔
یونہی موسم کی ادا دیکھ کے یاد آیا ہے
کس قدر جلد بدل جاتے ہیںانساں جاناں
ان دنوں ملزم عدالت گاہوں میں اکثر احمد فراز کا یہ شعر گنگناتے دکھائی دیتے ہیں
منصف ہو اگر تم تو کب انصاف کر وگے
مجرم ہیں اگر ہم تو سزاکیوں نہیں دیتے
یہ کالم لکھتے ہوئے مجھے فراز کا یہ شعر بار بار یاد آرہا ہے
وہ قحطِ حرفِ حق ہے کہ اس عہد میں فراز
خود سا گنہگار پیمبر لگے مجھے
پی ٹی آئی کے کارکن مولانا فضل الرحمن کو احمد فراز کا یہ شعر سناتے پھرتے ہیں
فقیہ شہر جبیں پر کلاہِ زر رکھ کر
سنا رہا ہے ہمیں آیتیں مقدر کی
غریب بار بار وزیر اعظم شہباز شریف کو احمد فراز کا یہ شعر سناتے ہیں
دریدہ پیر ہنوں کا خیال کیا آئے
امیر شہرکی اپنی ضرورتیں ہیں بہت
عمران خان پی ڈی ایم کے رہنمائوں کو احمد فراز یہ شعر سناتا ہوا دکھائی دیتا ہے
یارو مجھے مصلوب کر و تم کہ مرے بعد
شاید کہ تمہارا قد و قامت نکل آئے
یہ شعر آج کل کسی اہم شخصیت کیلئے بہت پڑھا جارہا ہے
میں تیرا نام نہ لوں پھر بھی لوگ پہچانیں
کہ آپ اپنا تعارف ہوا بہار کی ہے
کچھ ایسے بھی ہیں جو کہہ رہے ہیں
ندا متیں ہوں تو سر بارِ دوش ہوتا ہے
فراز جاں کے عوض آبر و بچالے جا
فرخ حبیب نے رانا ثنا اللہ کے نام احمد فراز کا یہ شعرپڑھا
بضد ہے تیشہ ئِ خونیں لئے ہوئے اک شخص
کہ گور کن کوبھی اب کو ہکن کہا جائے
اہل صحافت چیخ چیخ کر فراز کی یہ لائنیں سناتے پھرتے ہیں۔سوشل میڈیا والے بھی
تم نے ہونٹوں پہ مہریں لگا دیں تو کیا
تم نے شمعیں نوا کی بجھا دیںتو کیا
ایک دوست جو بہت بولتا تھا ۔کل کہنے لگا بزبان فراز
اس شہر میں ہو جنبشِ لب کا کسے یارا
یاںجنبشِ مژگاں بھی گنہگارکرے ہے
ایک صاحب جیل سے نکلے اور پریس کانفرنس نہیں کی تو کسی طرف سے آواز آئی بزبان احمد فراز
تُو بضد ہے تو جا فراز مگر
واپسی اس گلی سے مشکل ہے
پی ڈی ایم والوں کی میٹنگ ،عمران خان کی مقبولیت زیر بحث تھی۔ہر شخص ایک دوسرے بزبان فراز یہی کہہ رہا تھا
کوئی اسم ایسا کہ اس شخص کا جادو اترے
کوئی اعجاز مگر اس کے فسوں سے پہلے
یعنی الیکشن سے پہلے
اورعوام گلیوںمیں چیختے پھرتے ہیں
اب نئے سال کی مہلت نہیں ملنے والی
آچکے اب تو شب و روز عذابوں والے
میں نے کسی سے پوچھا کہ اب کیا ارادے ہیں تو کہنے لگا بقول فراز
زندہ رہنے کی تمنا ہو تو ہوجاتے ہیں
فاختائوں کے بھی کردار عقابوں والے
کچھ دوست خوش تھے کہ ایف آئی آر میں ہمارا نام نہیں ہے مگر کسی طرف سےفرازکا یہ شعرسنائی دیا
خوش ہو نہ سر نوشتہ ِ مقتل کو دیکھ کر
فہرست ایک اور ہے اندر لگی ہوئی
میں نے کسی سے پوچھا کہ آج کل زمان پارک کی طرف نہیں جاتے تو بزبان فراز کہنے لگا
اس قدر خوف ہے اب شہر کی گلیوں میں کہ لوگ
چاپ سنتے ہیں تو لگ جاتے ہیں دیوار کے ساتھ
تم تو کہا کرتے تھے بزبان فراز
ہم کو اس شہر کی تعمیر کا سودا ہے جہاں
لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کے ساتھ
اب کیا ہوا؟تو کہنے لگا
اب تو ہم گھر سے نکلتے ہیں تو رکھ دیتے ہیں
طاق پر عزت ِ سادات بھی دستار کے ساتھ
دوستو! مسئلہ ہے کہ کالم تو ختم ہوگیا ہے مگر فراز کے اشعار ختم نہیں ہوئے اگر اسی طرح لکھتا رہوں تو کئی کالموں تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ چلیں پھر کبھی۔ خدا حافظ
مزید خبریں
-
فضا پاک و بھارت کی ہے قابلِ دیدکہیں اور ایسا کہاں ہورہا ہے یہ ہونا نہیں چاہئے یا الٰہی جو بد قسمتی سے یہاں...
-
کشمیر میں ہندوؤں کے مقدس مقام امرناتھ غار یا مندر تک پہنچنے کا راستہ پہلگام سے گزرتا ہے۔ بی بی سی نے عینی...
-
گوالمنڈی لاہور کے ایروز سینما کے باہر ایک حاجی صاحب چنے لگاتے تھے ان کے اصل نام کا شاید ہی کسی کو پتہ ہو، بس سب...
-
میٹرک تک میں پی ایچ ڈی کو ایک ہی لفظ سمجھتا رہا، بعد میں پتا چلا کہ میں ٹھیک تھا۔ آج کل اتنے پی ایچ ڈیز ہوگئے...
-
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ہندتوا کی سوچ کے ساتھ جو پالیسیاں اپنائی ہوئی ہیں انکی وجہ سے ان کے ملک کا چہرہ...
-
منگل کے روز جموں کشمیر کے شمال مشرقی علاقے پہل گام میں نامعلوم افراد نے سیاحوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کر...
-
برصغیر پاک و ہند کہنے کوتو ارضی سیاسی تقسیم میں سات براعظموں، افریقہ، انٹارکٹیکا، ایشیا، آسٹریلیا، یورپ،...
-
یہ ایک دو نہیں، سو پچاس نہیں، ہزار دو ہزار نہیں، پورےسڑسٹھ ہزار پاکستانی حاجیوں کا مسئلہ ہے کہ وہ عزم حج کر...