اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ سیل )سابق گورنر عمران اسماعیل ،علی زیدی سمیت مزید کئی سابق وزراء اور ارکان پارلیمنٹ پی ٹی آئی چھوڑ گئے ۔ پارٹی چھوڑنے والوں نے الگ الگ اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا دل شہدا کےساتھ ، سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں۔تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والوں میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ، سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی، ، سابق صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، سابق صوبائی وزیر تیمور بھٹی، سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ، سابق صوبائی وزیر چودھری اخلاق،سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی،سابق ایم این اے سردار منصب علی ڈوگر ، سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی ،راجہ خرم نواز، سابق چیئرمین ٹیوٹا مامون تارڑ ،ڈاکٹر اختر ملک، سابق ایم پی اے میاں طارق عبد اللہ اور دیگر شامل ہیں۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ شاید آج یہ میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہو، پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں سے ہوں، عمران خان سے بڑا اچھا تعلق رہا، سیاسی جدوجہد میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 2018ء میں اقتدار میں آنے کا موقع دیا، اقتدار میں آکر کوشش کی کہ ڈلیور کریں، اقتدار کے بعد عوامی مہم شروع کی، بیانیہ بننا شروع ہو گیا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ فوج سے ہے، بہت سارے لوگ اس بیانیے کے خلاف بھی رہے عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں غدر شروع ہو جاتا ہے، 9 مئی منحوس دن تھا، 9 مئی کو کور کمانڈر، جی ایچ کیو پر حملہ ہوا، فیصلہ ہونا باقی ہے کس نے حملہ کیا تھا، انکوائری ہونی چاہیے اور ملوث لوگوں کو سزا ملنی چاہیے، ہم سب کا دل شہدا کےساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کا فوجی بیک گراؤنڈ نہیں ہے، بچپن سے خواہش تھی پاکستان ایئرفورس جوائن کروں۔سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کسی ایک ریلی یا احتجاج میں شامل نہیں تھا،9 مئی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، آج میں تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیتا ہوں اور پی ٹی آئی کو چھوڑتا ہوں، خان صاحب آپ کو خدا حافظ کہتا ہوں۔ چودھری اخلاق، تیمور بھٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، ہم تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں، نو مئی کو دلخراش واقعات ہوئے، جسے ہم نہیں بھول سکتے، فوجی جوان ملک اور قوم کیلئے زندگیاں قربان کر رہے ہیں، نو مئی میں ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں۔سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نو مئی کو اگر فوج جواب دیتی تو اموات ہوتیں، پاک فوج نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چند عناصر نےعمران خان کو غلط فیڈ کیا، عمران خان کو شاید بتایا گیا کہ انہیں فوج اقتدار میں نہیں آنے دے گی، درخواست ہے جو لوگ حملے میں ملوث نہیں ان کو رہا کیا جائے۔ہاشم ڈوگر نے کہا کہ اگر احتجاج کرنا تھا تو رائیونڈ، بلاول ہاؤس کیوں نہیں گئے، اگر وہاں پر فوج کی پلٹون آجاتی تو حالات زیادہ خراب ہو جاتے، عمران خان سے بہت اچھا تعلق رہا، پی ٹی آئی میں رہ کر ہمیشہ بیلنس بات کی، ہمارا مسلم لیگ (ق) سے کوئی تعلق نہیں ہے، آپس میں مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔تیمور بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات کو نہ روکا گیا تو یہ سیاست میں روش بن جائے گی، نو مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا مل کر فیصلہ کریں گے۔سابق صوبائی وزیر چودھری اخلاق نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے ذاتی مفادات نہیں ریاست کو بچانا ہے، میری آنکھوں کے سامنے بنگلادیش بنا، میرے بھائی نے تین سال بھارت میں قید کاٹی، افواج پاکستان نے ہمیشہ جانوں کی قربانیاں دیں، ہم پی ٹی آئی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شوکت علی کاکہنا تھا کہ میں تحریک انصاف سے استعفیٰ دے رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات سب کے سامنے ہیں ، ہم پر تشدد مظاہروں کے حامی نہیں ہیں ، یہ ملک، فوج اور ادارے ہمارے ہیں، یہ فوج ہے تو ملک ہوگا۔ان کاکہنا تھا کہ میں ملک میں خانہ جنگی نہیں چاہتا ، تحریک انصاف کی رکنیت اور تمام عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں، اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ بھی واپس کر رہا ہوں ۔ ۔سابق ایم این اے سردار منصب علی ڈوگر نے کہا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا، واقعات نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے، میں بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، فوج ہماری حفاظت کی ضامن ہے، نو مئی کے واقعات ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں، دس سال ایم این اے رہا ہوں، ہم سب فوج کے ساتھ ہیں، نو مئی کے واقعات سے دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔سابق ایم پی اے مامون تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ادارے ہیں تو ہم سب ہیں، ابھی ہم کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں بننے جا رہے، تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما راجہ خرم نواز نے پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم فی الوقت سیاست سے دستبردار ہو رہے ہیں، ہمارے پاس پی ٹی آئی کے جتنے بھی عہدے ہیں ہم ان سے بھی دستبردار ہوتے ہیں، آئندہ سیاست کرنے یا نا کرنے کے حوالے سے ساتھیوں سے مل کر لائحہ عمل بعد میں بنائیں گے، خان صاحب کو بہت اچھا لیڈر پایا۔راجہ خرم نواز نے مزید کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے، شہداء کی تصاویر پر پرتشدد حملے کئے گئے، ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جو لوگ ملوث نہیں اور جیلوں میں قید ہیں انہیں رہائی ملنی چاہیے، میرے اوپر کوئی کیس یا دباؤ نہیں، اداروں کیساتھ محاذ آرائی نہیں کی جا سکتی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم پی اے میاں طارق عبد اللہ نے کہا ہے کہ نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، نو مئی کے واقعات پر زور مذمت کرتا ہوں، تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، مجھ پر پارٹی چھوڑنے کا کوئی پریشر نہیں، قومی اداروں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے۔میاں طارق عبداللہ نے مزید کہا ہے کہ تیس سال سے سیاست میں ہوں پہلے بھی کہا تھا قومی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہونا چاہئے تھا، پاکستان ہے تو سیاست ہے نہ احتجاج میں شریک ہوا نہ ہی کارکنان کو احتجاج کا کہا، آج دکھی دل سے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر رہا ہوں۔ ڈاکٹر اختر ملک نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں، سیاست بڑا بے رحم سا کھیل ہے، میڈیکل ڈاکٹر ہوں اپنے پروفیشن کو جاری رکھوں گا، یہ ملک، لوگ اور ادارے ہمارے ہیں، سب کو ملک کی بہتری کا سوچنا چاہیے۔پی ٹی آئی سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں۔ سابق ایم این اے شوکت علی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا میں پاکستان تحریک انصاف سے استعفی دے رہا ہوں،جو9 مئی کو ملک میں واقعات ہوئے وہ سب کے سامنے ہیں، میں اپنا سفرتحریک انصاف کے ساتھ جارہی نہیں رکھ سکتا،9 مئی کوجو ہوا وہ جمہوریت نہیں ہے۔ علی زیدی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے اور پاکستان کے لیے ہی سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی پہلے بھی مذمت کرچکا ہوں اور دوبارہ بھی مذمت کرتا ہوں، افواج پاکستان ہمارا فخر ہے، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہوا وہ غلط ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہو اسے کیفرکردار تک پہنچانا ضرروی ہے۔
اسلام آباد افغان ووزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔انہیں خواتین کی تعلیم پر...
اسلام آباد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور خاتون ثانی اوشا وینس اس ماہ کے اواخر میں بھارت کا دورہ کریں گے۔...
کراچی امریکا کے صدر ڈونلڈٹرمپ چاہتے ہیں کہ گوانتانامو میں 30,000تارکین وطن کو رکھا جائے۔ اب تک انہوں نے تقریبا...
اسلام آباد حکومت پنجاب، پولیس ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن نمبر 28/2025/PS/HQ 15 مارچ 2025 جاری کرتے ہوئے 57 پولیس افسران...
لاہور وزیر اعلیٰ ّپنجاب مریم نواز شریف نے انسداد اسلاموفوبیا کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ دنیا بھر...
اسلام آباد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں تعینات جنوبی افریقہ کے سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت...
واشنگٹن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد وائس آف امریکہ کے ملازمین کو ہفتے کے روز...
اسلام آبادحکومت نے شہریوں کو پیٹرول پر بڑے ریلیف سے محروم کردیا۔پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 10 روپے فی لیٹر...