ترقیاتی کاموں میں تاخیر برداشت نہیں کروںگا، محسن نقوی

28 مئی ، 2023

لاہور (نیوزرپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور میں سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ ، پونچھ ہاؤس اور دیگر منصوبوں کا دورہ کیا محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں سست روی قطعا برادشت نہیں کروں گا۔ منصوبے کی تکمیل میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، مقررکردہ ڈیڈ لائن کے اندرہرصورت مکمل کیا جائے اور دن رات کام کر کے عوامی سہولت کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل پہنچایا جائے، تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے۔محسن نقوی نے پونچھ ہاؤس کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی،چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔نگران وزیراعلیٰ نےجوہر ٹاؤن میں واک این شاپ ایرینا اور اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا ،ایرینا میں اٹالین، امریکن، چائنیز،سپانیش اور مغلیہ طرز کے پویلین دیکھے اور کہا کہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شفاف انداز سے نیلام کیا جائے۔جوہر ٹاؤن، خیابان فردوسی پر واقع واک این شاپ ایرینا سرمایہ کاروں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا،اس سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے، جس کیلئے ملکی و غیر ملکی کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے۔ کمشنر لاہور/ ڈی جی ایل ڈی اے نے بریفنگ میں بتایا کہ واک این شاپ ایرینا کو بین الاقوامی طرز پر 130 کینال پرتعمیر کیا گیا ہے۔اس میں کاروبار کیلئے مختلف سائز کے 84 یونٹس، روف ٹاپ ریستوران،500 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ موجود ہے ، بچوں کی تفریح، زیپ لائن، رولر کوسٹر، امیوزمنٹ پارک و دیگر سہولیات بھی ہونگی۔ نگران وزیراعلیٰ نے نے فلائی اوور اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹاؤن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے-روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت ہوگی- تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔ محسن نقوی کو بتایا گیا کہ اکبر چوک، شوک چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ اور مادرملت پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بھی بنائے جائیں گے-جناح ہسپتال سے پیکو موڑ تک دونوں اطراف میں فلائی اوورز ہونگے اورکالج روڈ، اکبر چوک کے اطراف ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفرعلی ناصر، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے،دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیفنس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن پولیس کے 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ محسن نقوی کے زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس بھی ہوا۔ جس میں اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، بہاولپور، لودھراں سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع اور پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی، بہاولپور شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنز کیلئے بزنس ماڈل کی بھی اصولی منظوری دی گئی، سٹیشنز پر سٹال، شاپس، اے ٹی ایم اور وینڈنگ مشینیں نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔سٹیشنز اور روٹ پر ڈیجیٹل سٹیمر، گلاس بورڈ اور دیگر اشتہارات کے ٹولز متعارف کرانے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی میٹرو بس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی فراہمی ترجیح ہے۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔