چیف جسٹس صاحب عدالتی نظام کو تماشہ بننے سے روکیں،احسن اقبال

28 مئی ، 2023

نارووال(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن نے نیشنل سپورٹس سٹیڈیم نارووال میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جس طرح عمران نیازی صاحب نے منظم منصوبے کے ذریعے انتشار پھیلایا ہے اسی کے شاخسانے آپ کو عدالتی نظام میں نظر آ رہے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے چیف جسٹس صاحب جس انداز میں اپنے ذاتی معاملات کا نوٹس لے کر اپنے من پسند بنچ بنا کر فیصلہ کر رہے ہیں یہی کام کوئی فیڈرل سیکرٹری کر رہا ہوتا ابتک عدلیہ اسے نوکری سے برخاست کر چکی ہوتی، چیف جسٹس کے نہایت قریبی عزیزوں کا سکینڈل آیا تو چیف جسٹس صاحب نے نوٹس لے کر سٹے آڈر جاری کر دیا، ان معاملات کو دیکھنے کے لئے فل کورٹ بنچز بننے چاہئیں، اس عدالتی نظام کو تماشہ بننے سے روکیں۔ بعدازاں وفاقی وزیر نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے مسلم لیگ ن کی ریلی کی قیادت کی ۔ ریلی میں سابق ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ۔ رانا منان۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی شرکت کی، شرکا نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔