نااہل ہوا تو شاہ محمود پارٹی چلائیں گے، عمران خان، حکومت سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی بنادی

28 مئی ، 2023

لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، جنگ رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی پارٹی چلائینگے، فوج سے لڑائی نہیں ، جلد وقت تبدیل ہو نیوالا ہے آنیوالے دنوں میں بڑے سرپرائز دونگا، الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں،پارٹی چھوڑنے والے کچھ مجبور کچھ بے نقاب ہوئے ،حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کا کبھی نہیں کہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمان پارک لاہور میں سینئر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے 7رکنی کمیٹی بنا دی جو حکومت کے ساتھ انتخابات کے حوالے لائحہ عمل طے کرے گی۔شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر ،حلیم عادل شیخ، عون عباس بپی ، مراد سعید اور حماد اظہر مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے وکلا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی پارٹی چلائیں گے، مراد سعید مستقبل کا لیڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج سے کوئی لڑائی نہیں یہ فوج میری ہے، جلد وقت تبدیل ہو نے والا ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔ پارٹی چھوڑنے والوں سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ جو چھوڑ کر جا رہے ہیں کچھ مجبور اور کچھ بے نقاب ہوئے، پارٹی کے لیے نوجوان بہترین سرمایہ ہیں اور ٹکٹ ان کا حق ہےجبکہ صدر مملکت عارف علوی آئین کے مطابق کام کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی، مجھے گرفتار، نااہل اور قتل کرنے تک کی پلاننگ ہو چکی ہے، آج بھی ریفرنڈم کروا کر دیکھ لیں نتیجہ سامنے آجائے گا، حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کا کبھی نہیں کہا۔ اسکے علاوہ عمران خان سے لیگل ٹیم نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں عمران خان پر درج مقدمات اور ان کے کیسزپرقانونی مشاورت کی گئی جبکہ عمران خان نے لیگل ٹیم سےگرفتارپارٹی رہنماؤں کی رہائی سےمتعلق گفتگو بھی کی۔علاوہ ازیں عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی کا اعلان کردیا۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذاکراتی ٹیم میں شامل تمام 7 لوگوں کے نام سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بنائی گئی 7 ممبران پر مبنی ٹیم انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ لائحہ عمل طے کریگی۔شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر ،حلیم عادل شیخ، عون عباسی، مراد سعید اور حماد اظہر مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ گزشتہ روز انہوں نے مذاکرات کی اپیل بھی کی تھی اور کہا تھا کہ اپیل کرتا ہوں کہ فوری طور پر بات چیت کرنی چاہیے، مجھے اپنی سختی کی نہیں ملک کی فکر ہے جو سب کو ہونی چاہیے، بات چیت کی اپیل کو میری کمزوری نہ سمجھا جائے۔