ذمہ داری سے کہتا ہوں مراد سعید کو عمران خا ن نے چھپایا ،فیصل واوڈا

28 مئی ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سیاست کو شہداء کی قبر تک لے جانے پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کا دروازہ بند کر کے چابی کنویں میں پھینک دی گئی ہے، لو گ اپنی جان بچانے کیلئے عمران خان کو چھوڑ کر جارہے ہیں، مراد سعید کی جان و مال کی ذمہ داری عمران خان پر آگئی ہے، ذمہ داری سے کہتا ہوں مراد سعید کو عمران خا ن نے چھپایا ہوا ہے، ارشد شریف کیس میں مراد سعیدکی بہت اہمیت ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان بند گلی سے نکلنے کیلئے مذاکرات کا کارڈ کھیل رہے ہیں، عمران خان مذاکرات کے نام پر اپنے 9مئی کے گھناؤنے عمل کا این آر او تلاش کررہے ہیں، نو مئی کے واقعات پر عمران خان کیخلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، تحریک انصاف کو نو مئی کے واقعات پر قوم، مسلح افواج اور شہداء کے خاندانوں سے معافی مانگنا ہوگی، پی ٹی آئی الیکشن پر بات کرنا چاہے تو سینیٹ کا پلیٹ فارم موجود ہے۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے نئی پارٹی بنانے کی تصدیق کردی ہے، جہانگیر ترین کی پارٹی میں جو لوگ پہلے ہی شامل ہیں انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے بہت سے لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں، اگلے دو تین روز میں پارٹی کا نام اور شامل ہونے والے سیاستدانوں کا اعلان کردیا جائے گا۔ سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاست کو شہداء کی قبر تک لے جانے پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کا دروازہ بند کر کے چابی کنویں میں پھینک دی گئی ہے، آج لو گ اپنی جان بچانے کیلئے عمران خان کو چھوڑ کر جارہے ہیں، جن سانپ ، کیڑوں اور گٹر کے کیڑوں کا میں ذکر کرتا تھا وہ رورہے ہیں، پی ٹی آئی سے جو بڑے نام آرہے ہیں وہ عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں، یہ لوگ عمران خان کو بند گلی میں لے آئے ہیں، پارٹی چھوڑنے والوں میں کچھ کے کرپشن کے معاملات ہیں اور کچھ 9مئی کے واقعات میں ملوث تھے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مراد سعید کو مستقبل کا لیڈر بتایا ہے اب ان کی جان و مال کی ذمہ داری عمران خان پر آگئی ہے، مراد سعید عمران خان کے بہت قریب تھا ان کے بہت سے فیصلوں پر عمل کرتا رہا ہے، ارشد شریف کیس میں مراد سعید کی بہت اہمیت ہے، ارشد شریف کا لیپ ٹاپ بھی مراد سعید کے پاس ہے، ذمہ داری سے کہتا ہوں مراد سعید کو عمران خا ن نے چھپایا ہوا ہے، مراد سعید سابق وزیراعظم کیلئے بہت اہم ہے ، عمران خان سمجھ رہے تھے وہ بہت اسمارٹ پالیٹکس کررہے ہیں لیکن غلطی کرگئے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اسد عمر وہ نااہل، نکما اور زہریلا سانپ ہے جس نے عمران خان کو ڈسا ہے، اسد عمر پہلے وکٹ کے دو طرف کھیلتے تھے اب چاروں طرف کھیلنے لگے لیکن ہر طرف کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، اسد عمر اب عمران خان کے سامنے بھی ایکسپوژ ہوچکے ہیں، کچھ گٹر کے کیڑوں نے کہا ہمیں گولی ماردی جائے تب بھی عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے لیکن چار دن میں ساتھ چھوڑ گئے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ میں جہانگیر ترین کی پارٹی کا حصہ نہیں بن رہا ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنی حرکتوں سے بند گلی میں آگئے ہیں، عمران خان بند گلی سے نکلنے کیلئے مذاکرات کا کارڈ کھیل رہے ہیں، عمران خان مذاکرات کے نام پر اپنے 9مئی کے گھناؤنے عمل کا این آر او تلاش کررہے ہیں، عمران خان مذاکرات کے لبادے میں این آر او لے کر موجودہ صورتحال سے نکلنا چاہتے ہیں، عمران خان نے نو مئی کو ملک میں غدر مچایا، دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا، شہداء کی یادگاروں کی توہین کی، آڈیوز سے ثابت ہوگیا نو مئی کے واقعات پی ٹی آئی کے لیڈرز کی پری پلان منصوبہ بندی تھی، نو مئی کے واقعات پر عمران خان کیخلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، ہر چیز کے تانے بانے زمان پارک اور عمران خان تک پہنچ رہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے خود پر انقلابی ہونے کا میک اپ چڑھایا ہوا تھا، انقلاب لانے کے دعویداروں کا میک اپ جھڑ رہا ہے، انقلابی تو اپنے کاز کیلئے بیس بیس سال جیل کاٹ لیتے ہیں مگر ماتھے پر شکن نہیں آتی، پی ٹی آئی کے لیڈرز جیل بھی نہیں گئے پھر بھی رو رو کر سیاست چھوڑ رہے ہیں، حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے ذریعہ مذاکرات کا آغاز کیا مگر پی ٹی آئی سنجیدہ نظر نہیں آئی، اکتوبر میں الیکشن کا فائدہ یہ ہے کہ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اکٹھے الیکشن ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کیلئے ضابطہ اخلاق پر بات کرنا چاہے تو سینیٹ کا پلیٹ فارم موجود ہے، ان مذاکرات کا 9مئی کے واقعات سے تعلق نہیں ہوگا، تحریک انصاف کو نو مئی کے واقعات پر قوم، مسلح افواج اور شہداء کے خاندانوں سے معافی مانگنا ہوگی، اس معافی کے بغیر انہیں قومی سیاست میں کوئی مقام نہیں مل سکتا، کوئی ملک بھی قومی سلامتی کے مقامات پر حملے برداشت نہیں کرتا ہے، امریکا میں کیپٹل ہل پر حملے کے ماسٹرمائنڈ کو اٹھارہ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ادھر ادھر سے لوگ توڑ کر بھان متی کا کنبہ بنایا گیا تھا، یہ کیسے انقلابی ہیں جیسے ہی پریشر آیا سب تتربتر ہوگئے، مجھے گولی لگی اور سوا دو مہینے سزائے موت کے قیدی کی کوٹھری میں رکھا گیا مگر پارٹی نہیں چھوڑی، نواز شریف کے جیل میں کپڑے پسینے سے شرابور ہوتے تھے کبھی ماتھے پر شکن نہیں آئی،عمران خان نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت بھر کر ان کا مستقبل تاریک کردیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث پی ٹی آئی لیڈرز کے ساتھ بھی وہی سلوک ہونا چاہئے جو عام کارکن کے ساتھ ہورہا ہے، جن لیڈرز کیخلاف شواہد ہیں انہیں استثنیٰ دیا جائے گا تو احتساب کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا، ملک کے استحکام کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بیٹھ کر دس سال کے فارمولے پر اتفاق کرنا ہوگا، بینرز اور پوسٹرز سے کسی کو غدار یا محب وطن نہیں بنایا جاسکتا، زیارت ریذیڈنسی جلانے والوں کو دہشتگرد کہا جاتا ہے تو جناح ہاؤس جلانے والوں کو کیا کہیں گے، پی ٹی آئی نے ریڈ لائن کراس کی اسی لیے عوامی ردعمل آرہا ہے، پی ٹی آئی کو سیاست بچانی ہے تو قوم اور مسلح افواج سے معافی مانگے۔