مودی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے ، بھارتی عوام

28 مئی ، 2023

نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں تقریباً 50 فیصد افراد نے رائے دی ہے کہ نریندر مودی کی حکومت سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن(سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) جیسی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے جس میں سیاسی حریفوں کو ہراساں کرنا بھی شامل ہے۔ اس بات کا انکشاف مودی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر ایک ادارے کی جانب سے کئے گئے ایک خصوصی سروے میں کیا گیا ہے ۔ نریندر مودی نے26مئی 2014کو بطور وزیر اعظم حلف لیا تھا ۔ سروے میں49فیصد جواب دہندگان نے کہاکہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی حریفوں کو ہراساں کرنے کے دعوے سے متفق ہیں جبکہ صرف 35 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ حزب اختلاف کی بات سے متفق نہیں ۔ حزب اختلا ف کی مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی رہنماؤں کو گزشتہ نو برس کے دوران بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی مبینہ کارروائیوں کے سلسلے میں جانچ پڑتال، تحقیقات، چھاپوں اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔