بھارتی فوج کا ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر محاصرہ،سرچ آپریشن

28 مئی ، 2023

جموں(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی آپریشن کیا، چرگی میں دوران تلاشی بے گناہ کشمیری نوجوان کو ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیکر گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجیوں نےجموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی ، ضلع کے علاقوں چر گی ،چیچہ اور پڈیارنا کو محاصرے میں لے کر تلاشی کا عمل کیا گیا ۔ پولیس نے ایک بے گناہ کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ یوسف چوہان نامی نوجوان کو ضلع کے علاقے چرگی میں تلاشی کے دوران گرفتار کیا گیا۔پولیس نے نوجوان کی غیر قانونی حراست کا جواز فراہم کرنے کے لیے اسے ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیا ۔