عمران نے کرپشن کیس سے بچنے کیلئے لوگوں کو تشدد پر اکسایا، احسن اقبال

28 مئی ، 2023

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے فالورز نے 9مئی کو قومی املاک، عسکری تنصیبات، ایئر بیسز، سکولوں، پبلک انفراسٹرکچر کو جلا کر خاکستر کر دیا،کوئی جمہوری ملک اس طرح کے رویوں کی اجازت نہیں دیتا، 9مئی کو عمران خان نے کرپشن کیس سے بچنے کے لئے لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔ گزشتہ روز غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہاکہ عمران خان پاکستان کی تاریخ میں واحد وزیراعظم تھا جسے تحریک عدم اعتماد سے ہٹایا گیا ہے۔ عمران خان کو جب اپنی شکست نظر آئی تو انہوں نے اپنے لوگوں کو تشدد پر اکسایا، حکومت نے عمران خان اور اس کے کسی سپورٹر کو گرفتار نہیں کیا۔ 9مئی کو عمران خان اور اس کے سپورٹرز نے ریڈ لائن کراس کی،کوئی جمہوری ملک اس طرح کے رویوں کی اجازت نہیں دیتا۔ کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا توواشنگٹن ڈی سی کی گلیوں میں دہشت گردی کی سرگرمیاں ہوئیں،اسی طرح عمران خان کے فالورز نے 9 مئی کو قومی املاک، عسکری تنصیبات، ایئر بیسز، سکولوں، پبلک انفراسٹرکچر کو جلا کر خاکستر کر دیا۔ کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے ہزاروں لوگ گرفتار ہوئے، انہیں سزا ہوئی۔ عمران خان نے ایک سال تک آزادانہ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں، احتجاج بھی کئے، لانگ مارچ بھی، کسی نے انہیں کچھ نہیں کہا،جب 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی تو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں اتحادی جماعتوں کی حکومت ہے، ان جماعتوں کی حقیقی سیاسی تاریخ ہے، ان سیاسی جماعتوں نے ماضی میں بھی مارشل لاکی مخالفت کی۔ آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے لئے اتحادی جماعتوں کی بے پناہ قربانیاں ہیں۔ اتحادی حکومت میں جمہوریت کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ عمران خان اور اس کے فالورز نے حساس ملٹری تنصیبات پر حملے کئے۔