28مئی قابل فخر دن، ایٹمی دھماکے کرکےپاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا گیا

28 مئی ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان میں28مئی کی تاریخ یاد گار اور قابل فخر دن بن گیا جب پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں28مئی 1998کو ایٹمی دھماکے کرکے اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا ۔یہ دن پوری پاکستانی قوم کے لیے نشاۃ ثانیہ ہے اور امت مسلمہ کے لیے فخر کا لمحہ بن گیا۔ یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جانے والا یہ دن ہر سال ملک بھر میں قومی فخر اور شکرانے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس نے پاکستان کو دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک اور اپنے دفاع میں پرامن مقاصد کے لیے ڈیٹرنس برقرار رکھنے کرنے کے لیے ایٹمی ہتھیار رکھنے والی پہلی مسلم ریاست بنا دیا۔ان تجربات نے نہ صرف پاکستانی قوم کے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا بلکہ جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن کو برقرار رکھنے میں مدد کی ۔سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا یہ تاریخی بیان کہ وہ روکھی سوکھی کھا لیں گے لیکن ملک کو ایٹمی طاقت بنائیں گے ، اس سنگ میل کی کامیابی کی بنیاد بنا ،اس دن پاکستانی قیادت نے اپنے ایٹمی تجربات کے ذریعے طاقت کے توازن کو جھکانے کے لیے بیرونی دباؤ اور بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کے باوجود 1998 میں ہمت سے جواب دینے کا انتخاب کیا اور ایٹمی تجربات کرکے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان کی طرف سے اس طرح کی حکمت عملی اور ردعمل کے ساتھ، یہ ملک کی تاریخ میں یادگار اور قابل فخر دن بن گیا۔ پاکستان نے اپنا پہلا تجربہ 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں راس کوہ پہاڑیوں پر کیا۔لیکن بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ کو روکنے اور جوابی کارروائی نہ کرنے کے لیے مزاحمت کرتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے پاکستانی جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا اور اس طرح خطے میں طاقت کو متوازن بنایا۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی شکل میں جارحیت یا مہم جوئی کو روکنے کی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے۔